ڈی سی لاہورکی زیر صدارت عارضی مویشی منڈیوں کے انتظامات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس

منگل 6 جون 2023 18:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر عارضی مویشی منڈیوں کے انتظامات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں ہائی وے پولیس، ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عارضی مویشی منڈیوں کے قیام کے باعث شہر بھرمیں ٹریفک جام ہونے کا مسئلہ زیر بحث آیا۔

جس پر ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ، موٹر وے پولیس اور ایم سی ایل کا ورکنگ گروپ بنا دیاتاکہ ان مسائل کو حل کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈی سی لاہور نے کہاکہ ملتان روڈ کی ٹریفک شاہ پور کانجراں منڈی کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے ،ملتان روڈ پر عارضی منڈیوں کی تعداد بڑھانے کے لیے متبادل جگہوں کی نشاندہی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پارکنگ کے بہترین انتظامات کر کے تمام گاڑیاں پارکنگ میں کھڑی کروائی جائیں گی جبکہ سڑک کنارے غیر قانونی منڈیوں کے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

رافعہ حیدر نے کہاکہ مویشی منڈی کے باہر جانور کھڑے کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی سی لاہورنے کہاکہ اس مسئلہ کا مستقل حل نکالنے کے لیے شاہ پور کانجراں کو ماڈل منڈی بنانے کی سفارش بھجوا رہے ہیں،شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ قربانی کے جانور کی خریداری کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔