آر ڈی اے نے گلریز ہاؤسنگ سکیم فیز ٹو میں ایک شو روم اور 10 دکانیں سر بمہر کر دیں

منگل 6 جون 2023 23:29

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے نے غیر قانونی و غیر مجاز کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گلریز ہاؤسنگ سکیم فیز- II راولپنڈی میں پلاٹ نمبر 467 اور 468 پر ایک شو روم اور 10 دکانیں سر بمہر کر دیں ہیں۔ آرڈی اے ترجمان نے کہا کہ انفورسمنٹ اسکواڈ آر ڈی اے بشمول ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، انچارج واسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر نے متعلقہ تھانہ ایئرپورٹ (پرانے ایئرپورٹ) کی پولیس کے تعاون سے غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن کیا اور مذکورہ تجارتی عمارتیں سر بمہر کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے پہلے تین نوٹسس جاری کیے گئے تھے اور متعلقہ تھانہ میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سر بمہر شدہ جائیدادوں کے مالکان طاہر محمود، سہیل محمود، حسین محمود اور نور اللہ نے منظور شدہ پلانزونقشہ کی خلاف ورزی کی اور پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کی اور بغیر منظوری اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کے غیر قانونی کمرشل عمارتیں تعمیر کیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات، غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر کے سخت کارروائی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات، عمارتوں کے منصوبوں کی منظوری کے لیے فیس اور چارجز کے حوالے سے سروے کریں اور کنٹرولڈ ایریا میں تمام غیر قانونی رہائشی کمرشل عمارتوں کو ریگولرائز کریں۔