Live Updates

شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے پر درخواست نمٹادی گئی

پنجاب میں مجموعی طور پر 9مقدمات ہیں، ملتان میں 5،لاہور میں 4مقدمات درج ہیں‘رپورٹ

منگل 6 جون 2023 23:30

شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے پر درخواست نمٹادی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے پر دائر درخواست نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شاہ محمود قریشی کی بیٹی گوہر بانو کی درخواست پر سماعت کی۔سرکاری وکیل نے مقدمات کی تفصیلات جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف پنجاب میں مجموعی طور پر 9مقدمات ہیں، ملتان میں 5لاہور میں 4مقدمات درج ہیں، لاہور میں درج دو مقدمات ریس کورس ، ایک گلبرگ اور ایک سرور روڈ میں درج ہے۔

مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حالیہ واقعات میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، شاہ محمود قریشی سمیت سینکڑوں عہدیدراوں اور کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند رکھا گیا، عدالت عالیہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کر چکی ہے، عبوری ضمانت کے باوجود 3 ایم پی او کے تحت دوسری بارنظربند کر دیا گیا، شاہ محمود قریشی کو نامعلوم مقدمے میں گرفتاری کاخدشہ ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت شاہ محمود قریشی کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کا حکم دے، عدالت شاہ محمود قریشی کو ہراساں کرنے سے روکنے کے بھی احکامات صادر کرے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات