حکومت تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، بلال افضل

کھادوں اور ادویات میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف کاروائی کیلئے فیلڈ میں نکالیں ،کاروائی کی روزانہ مانیٹرنگ کریں،وزیر مواصلات

منگل 6 جون 2023 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی پوری توجہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور جاری ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے پر ہے تاکہ ان کے ثمرات جلد شہریوں تک پہنچ سکیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر تمام صوبائی وزراء اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے سکیں اور ان کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کر کے انہیں بروقت مکمل کرا سکیں، ساہیوال شہر میں جھال روڈاوور ہیڈ برج، ساہیوال بائی پاس اور ساہیوال سمندری روڈ کی کارپٹنگ ایسے بڑے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں جن کے ثمرات تادیر عوام تک پہنچتے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ساہیوال ڈویژن میں جاری محکمہ ہائی وے اور بلڈنگ کے منصوبوں، کپاس کی بوائی کی صورتحال اور گندم خریداری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی، ایس ای ہائی وے محمد ارشد ندیم، ایس ای بلڈنگ ثاقب رحیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عمران منیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان سمیت دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا کہ حکومت تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور اگلے مالی سال کے لئے بھی فنڈز کی فراہمی جولائی سے ہی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی صوبے میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے بھی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں جن کی ذاتی دلچسپی سے اس سال صوبے میں ریکارڈ رقبے پر کپاس کی کاشت ممکن ہوئی اور اب پوری توجہ معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے پر ہے۔

انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے سٹاف کو کھادوں اور ادویات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے فیلڈ میں نکالیں اور کاروائی کی روزانہ مانیٹرنگ کریں۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں اگلے مالی سال کے لئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24 میں شامل کرنے کی گزارش کی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ان میں ساہیوال شہر کے اندرون جی ٹی روڈ اور دیپالپور اوکاڑہ روڈ کو دوہرا کرنا اور اوکاڑہ سید والا روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے ضلع ساہیوال میں جاری ای رجسٹریشن منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی جس سے سرکار کی ملکیت کی تمام زمینوں کی ڈائرکٹری بنائی جائے گی جبکہ سرکاری ٹھیکوں کو شفاف طریقے سے ایوارڈ کرنے کے لئے ای ٹینڈرنگ بھی شروع کی جائے گی۔

صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلال افضل نے یقین دلایا کہ وہ مجوزہ منصوبوں کی منظوری کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے اور جہاں بھی ضرورت ہوئی، پنجاب حکومت بھر پور معاونت کرے گی۔ بعد ازاں بلال افضل نے ڈسٹرکٹ جیل ساہیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں تاریخی گورا وارڈ میں واقع میوزیم دیکھا۔ انہوں نے خواتین جیل کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ قیدی خواتین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے، انہیں اسلامی اور فنی تعلیم دی جائے اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا جائے۔ سپرنٹینڈنٹ جیل نے انہیں مختلف شعبوں بارے بریفنگ دی اور صوبائی وزیر کو یادگاری سوونیئر بھی پیش کیا۔