کراچی،ضلع جنوبی میں خطرناک قرار دی گئی 416 عمارتوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

منگل 6 جون 2023 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی غلام مرتضی شیخ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تعاون سے خطرناک قرار دے گئی اور متعلقہ اداروں سے تعمیر کی اجازت نہ ہونے کے باوجود تعمیر ہو نے والی 416 عما رتو ں کی خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا،واضح رہے کہ جو عمارتیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے این او سی حاصل کیے بغیر تعمیر کی جارہی ہے وہ ناقابل فروخت املاک کے زمرے میں آتی ہیں۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی غلام مرتضی شیخ کی زیر صدارت ڈی سی سائوتھ کامپلیکس میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جارہی اور جو بھی تعمیرات متعلقہ اداروں سے اجازت نامہ حاصل کئے بغیر تعمیر کی جائیں گی ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جنوبی نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کے جائیں،عوام کسی بھی املاک کی خریدوفروخت سے قبل متعلقہ اداروں سے دستاویزات کی تصدیق کروا لیں تاکہ بعد میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچائو جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی علاقے میں غیر قانونی بلڈنگ بننے کی اطلاع پر فوری ایکشن نہ ہوا تو متعلقہ افسران ذمہ دار ہونگے اور بلڈنگ کے کمپلیٹیشن سرٹیفکیٹ کی غیر موجودگی میں کسی بھی قسم کی یوٹیلیٹی فراہم نہ کی جائے اور بلڈنگ کو شروع میں ہی منہدم کیا جائے تاکہ عوام کے حقوق اور مال کا تحفظ کیا جا سکے ،ضلع جنوبی میں انتہائی خطرناک عمارتوں کے انہدام کی کارروائیاں تیز کے جائین بارش کے موسم میں ان عمارتوں کے گرنے اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے جانب سے ایس بی سی اے کو کاروائی مزید موثر کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔