برآمدات میں آئی ٹی کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں ہے، ،محصولات کے نئے ذرائع اور وسائل تلاش کئے جائیں گے، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار

جمعرات 8 جون 2023 20:56

برآمدات میں آئی ٹی کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں  ہے، ،محصولات کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے دوران صنعت کاری کو فروغ دیا جائیگا، زراعت پر خصوصی توجہ دی جائیگی، برآمدات میں آئی ٹی کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، محصولات کے نئے ذرائع اور وسائل تلاش کئے جائیں گے۔ جمعرات کو یہاں قومی اقتصادی سروے برائے مالی سال 2022-23 کے اجراء کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسراحسن اقبال اور وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں عالمی سطح پر جی ڈی پی کی شرح میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے، اسی طرح عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح میں 51 فیصد اضافہ ہوا، عالمی تجارت میں تقریباً 5 فیصد کی کمی ہوئی، جس کے اثرات سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے، جاری مالی سال میں زراعت اور خدمات کے شعبہ جات میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے مالی سال کے دوران صنعت کاری کو فروغ دیا جائیگا، زراعت پر خصوصی توجہ دی جائیگی، برآمدات میں آئی ٹی کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہماری کوشش ہے کہ اس شعبہ میں برآمدات کو 4 ارب ڈالر کی سطح تک لے جایا جائے، محصولات کے نئے ذرائع اور وسائل تلاش کئے جائیں گے۔ ان اقدامات سے انشاء اللہ 3.5 فیصد جی ڈی پی نمو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔