حکومت نے زرعی شعبے پر سیلاب کے تباہ کن اثرات اور مجموعی مشکلات کو دور کرنے کیلئے 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا کسان پیکیج دیا، اسحاق ڈار

جمعہ 9 جون 2023 22:55

حکومت نے زرعی شعبے پر سیلاب کے تباہ کن اثرات اور مجموعی مشکلات کو دور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) موجودہ حکومت نے زرعی شعبے پر سیلاب کے تباہ کن اثرات اور مجموعی مشکلات کو دور کرنے کیلئے 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا کسان پیکیج دیا ۔ جمعہ کو وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس پیکیج کے معیشت پر مثبت اثرات آئے ہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود زرعی شعبہ میں 1.5 فیصد کی گروتھ ہوئی ہے۔

گندم کی بمپر کراپ کی وجہ سے 28 ملین ٹن سے زائد پیداوار ہوئی ہے اور کسان کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دیہی معیشت میں 1500 سے 2000 ارب روپے اضافی منتقل ہوئے۔ اس سے ملک کی مجموعی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ بجٹ 24۔2023 کے ذریعے حکومت زرعی شعبے کیلئے مراعات کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کی تفصیل آگے چل کر پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ یہ اقدامات ملک میں فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقے ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا نہ کر سکے۔ حکومت نے ان علاقوں میں بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ تعمیر نو کیلئے حکومت نے 578 ارب روپے کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور انشا اللہ اگلے مالی سال سے یہ علاقے ملکی معیشت میں دوبارہ اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :