Live Updates

سرحد چیمبر کا مستقل بنیادوں پر بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے نفاذ پر زور

پالیسیوں کے نفاذ سے ملک سے معاشی بدحالی کے خاتمہ کیساتھ کاروبار اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جاسکے گا ‘ قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی

بدھ 21 جون 2023 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2023ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے مستقل بنیادوں پر بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے نفاذ پر زور دیا ہے تاکہ ملک سے معاشی بدحالی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ کاروبار اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جاسکے اوران مستقل پالیسیوں کے نفاذ کے نتیجہ میں مقرر کردہ معاشی و اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں بھی آسانیاں پیدا ہوں،بیورو کریسی کا پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں کلیدی کردار ہے انہیں سٹیک ہولڈرز کے سفارشات کو مدنظر رکھ کر پالیسیوں کو مرتب کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد میں زیر تربیت 33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیت افسران کے مطالعاتی دورہ سرحد چیمبر کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

NIM اسلام آباد میں زیر تربیت اعلی افسران کی سربراہی ڈائریکٹنگ سٹاف نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد زوبیہ مسعود اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی رابعہ کر رہی تھی جبکہ اجلاس کے دوران سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدورذوالفقار علی خان ،ْ فواد اسحاق ،ْ ملک نیاز احمد ،ْ فیض محمد فیضی ،ْ سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ،ْ عمران خان مہمند ،ْ سابق نائب صدور عبدالجلیل جان ،ْ ایگزیکٹو کمیٹی کمیٹی کے ممبران عبدالحکیم شنواری ،ْ حمزہ ابراہیم بٹ ،ْ منور خورشید ،ْ نعیم قاسمی ،ْ لال بادشاہ ،ْ سید منہاج الدین اور اسحاق اللہ ،ْ وقار احمد ،ْ محمد اورنگزیب ،ْ صدر گل ،ْ فیض رسول ،ْ فضل واحد ،ْ اشتیاق محمد ،ْ قیصر شہزاد ،ْ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر سجاد عزیز کے علاوہ تاجر ،ْ صنعتکار ،ْ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز بھی موجود تھے۔

شرکاء کے افغان ٹرانزٹ ،ْ جیمز اینڈ منرل سیکٹر ،ْ امن و امان ،ْ ایف بی آر اور کاروبار ،ْ انڈسٹریلائزیشن ،ْ بندصنعتوں اور دیگر مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی، سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے ساتھ باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں تاہم ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو دور نہ کرنے ،ْ پالیسیوں میں عدم تسلسل اور مربوط حکمت عملی کے فقدان کے باعث پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ تنزلی کا شکار ہے۔

سرحد چیمبر کے سینئر عہدیداران نے جیمز ،ْ ماربل اور منرل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نشاندہی کی اور مختلف سفارشات بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر افسران ان سفارشات کو پالیسیوں کا حصہ بنائیں تاکہ ملک میں زرمبادلہ حاصل ہو اور ملکی معیشت کو استحکام ملے۔ شرکاء نے ٹیکس نظام میں اصلاحات ،ْ کاروبار ،ْ صنعتی ترقی اور کاروباری طبقہ کو مراعات اور سہولیات کی فراہمی اور بزنس فرینڈ لی پالیسیوں کی تشکیل پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ،ْ گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے باعث صنعتی ترقی زبوں حالی کا شکار ہے خیبر پختونخوا /پشاور میں ایک بڑی تعداد میں کارخانے بند ہوچکے ہیں۔ سرحد چیمبر کے سینئرعہدیداران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غیر رسمی اور غیر قانونی تجارت کی وجوہات بھی بیان کیں اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قانونی اور باضابط تجارت کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں جنہیں پالیسی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

اس سے قبل سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کو چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں کاروبار ،ْ صنعتی ترقی اور کاروباری طبقہ کے مسائل کے حل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے تاریخ ،ْ مقاصد ،ْ اہداف ،ْ مستقبل کے منصوبوں اور دیگر اہم اقدامات کے حوالے سے NIM اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کو ایک ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

بعد ازاں NIM اسلام آباد کی ڈائریکٹنگ سٹاف زوبیہ مسعود نے سرحد چیمبر کی جانب مہمان نوازی اور پرجوش استقبال اور شرکاء کے سوالات کا بہتر انداز میں جوابات دینے پر شکریہ ادا کیا۔ سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے مس زوبیہ مسعود کو چیمبر کی شیلڈ بھی پیش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات