دبئی پولیس کے غوطہ خوروں نے گہرے پانی سے ڈھائی لاکھ درہم کی گھڑی ڈھونڈ لی

برطانوی سیاح نے ڈھائی لاکھ درہم مالیت کی رولیکس گھڑی تیراکی کے دوران کھو دی تھی، دبئی پولیس کے غوطہ خوروں نے 30 منٹ میں برآمد کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 1 جولائی 2023 13:59

دبئی پولیس کے غوطہ خوروں نے گہرے پانی سے ڈھائی لاکھ درہم کی گھڑی ڈھونڈ ..
دبئی( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی 2023ء) دبئی پولیس کے غوطہ خوروں نے یاٹ کے سفر میں کھوئی ہوئی ڈھائی لاکھ درہم کی رولیکس گھڑی برآمد کر لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک برطانوی سیاح کی ی ڈھائی لاکھ درہم مالیت کی رولیکس گھڑی پام جمیرہ کے قریب یاٹ کے سفر کے دوران گم ہو گئی تھی تاہم دبئی پولیس کے غوطہ خوروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھڑی ڈھونڈ لی۔

مالک نے دوستوں کے ہمراہ تیراکی کے دوران گھڑی کھو دی تھی،دبئی پولیس میری ٹائم ریسکیو کے پانچ افسران کو بدھ کی شام تقریباً 5.30 بجے کارروائی کے لیے بلایا گیا۔فورس کے مطابق غوطہ خوروں نے گہرے پانیوں میں مختلف چیلنجوں کا سامنا کرنے کے بعد لگژری گھڑی کو 11.5 میٹر کی گہرائی سے برآمد کر لیا۔پولیس نے نیشنل کو بتایا کہ گھڑی ایک برطانوی شہری کی تھی اور یہ پانی میں 38 فٹ گہرائی میں پائی گئی۔

(جاری ہے)

گھڑی واپس پا کر غیر ملکی سیاح کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور قیمتی گھڑی کی بازیابی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔33 سالہ حامد العمیری جو اس سفر میں سیاح کے ساتھ تھے، نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں گھڑی ڈھونڈنے پر دبئی پولیس کا شکریہ ادا کیا۔حامد العمیری نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ میرے دوست نے یاٹ کروز کے دوران اپنی رولیکس گھڑی سمندر میں کھو دی تھی جس کی قیمت 250,000 درہم ہے۔

بعدازاں ہم نے دبئی پولیس کو کال کی جنہوں نے اسے 30 منٹ میں ڈھونڈ لیا۔ شکریہ، دبئی پولیس۔"انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے ہم نے گھڑی کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن اسے تلاش کرنا مشکل تھا کیونکہ گہرے پانی میں گھڑی کا نظر آنا مشکل تھا۔ہمیں لگا کہ سمندر میں اتنی چھوٹی چیز تلاش کرنا ناممکن ہو گا۔جب غوطہ خور گھڑی لے کر آئے تو ہم بہت خوش ہوئے۔ میرے دوست نے اپنی گھڑی کے ملنے کی امید کھو جانے کے بعد اسے دوبارہ حاصل کرنے پر خوشی محسوس کی۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دبئی پولیس نے گہرے پانی میں گم شدہ قیمتی سامان برآمد کیا ہو۔