کارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کا 24واں یوم شہادت ، پاک فوج کا خراج عقیدت

بدھ 5 جولائی 2023 18:20

کارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کا 24واں یوم شہادت ، پاک فوج کا خراج ..
․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2023ء) کارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کا 24واں یوم شہادت منگل کے روز عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔دشمن کے دانت کھٹے اور کارگل کے معرکے میں جرات اور بہادری کی داستان رقم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان کی بہادری کا اعتراف دشمن نے بھی کیا۔دنیا کے بلند ترین جنگی محاذ کارگل کے برف پوش پہاڑ ٹائیگر ہل پرموسم ایسا کہ سانس بھی جم جائے لیکن جذبہ اور حوصلہ ایسا کہ چٹانیں پگھل جائیں، ان مشکل ترین حالات میں دشمن کے پے در پے 8حملے نہ صرف ناکام بنائے بلکہ اسے پسپائی پر بھی مجبور کردیا۔

وطن کے اس جانباز بیٹے نے محاذ جنگ پر اپنا سر جھکایا نہ ہی قوم کا سر جھکنے دیا بلکہ دنیا پر پاک فوج کی دھاک ہی نہیں بٹھائی دشمن کے عزائم ناکام بنا کر قائد کا یہ فرمان بھی عملا ثابت کیا کہ مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

بروقت قوت فیصلہ، بھرپور جوابی وار اور ایمان کامل کی داستان رقم کرنے والے 29سالہ کیپٹن کرنل شیر خان نے آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئندہ نسلوں کیلئے قابل تقلید مثال بن جانے والے کیپٹن کرنل شیر خان 1970ء میں صوابی کے گاں نواں کلی میں پیدا ہوئے، 27سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، کارگل کی جنگ کے دوران 12این ایل آئی میں تعینات ہوئے، یونٹ کی کمانڈ کی، پلاٹون کمانڈر کے طور پر بے شمار خدمات سر انجام دیں اور مشکل چوٹیوں پر خود آگے رہ کر وطن کا دفاع کیا، ان کے آبائی گاں کو دنیا اب کرنل شیر کلی کے نام سے جانتی ہے۔

دوسری جانب کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے 24ویں یوم شہادت پر مسلح افواج نے بھی قوم کے جانباز کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارگل جنگ کے ہیرو نے اپنے خون سے دفاع وطن کی لازوال تاریخ رقم کی، ملکی آبرو کیلئے جان نچھاور کرنے والے عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔

کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو بھارتی فوج کی جانب سے بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، بریگیڈیئر پرتاب سنگھ باجوہ کہتے ہیں کہ کیپٹن کرنل شیر خان کارگل کی جنگ میں بہت بہادری سے لڑے، جب ان کی باڈی میرے پاس لائی گئی تو مجھے بھارتی فوج کے جوانوں نے بتایا کہ یہ کیپٹن کرنل شیر خان کی باڈی ہے اور یہ بہت ہی بہادری سے لڑے ہیں، مجھے بہت خوشی ہوئی جب کیپٹن کرنل شیر خان کو نشان حیدر دیا گیا۔