ً بجلی کی قیمت میں اضافے کے بعد 15روپے ریڈیو فیس کا شامل کرنا ظلم کی انتہا ہے،جماعت اسلامی بہاول پور

اتوار 23 جولائی 2023 18:35

-بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2023ء) امیرجماعت اسلامی بہاول پورو امیدوار پی پی 253 نصراللہ خان ناصر اور امیدوار این اے 168 ملک کامران نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4روپی96پیسے اضافے کے بعد 15روپے ریڈیو فیس کا شامل کرنا ظلم کی انتہا ہے ۔ اس سے قبل 35روپے ٹی وی فیس کی مد میںبھی وصول کیے جا رہے ہیں۔حکومت خسارے میں چلنے والے اداروں کا بوجھ بھی عوام پر ڈال کر انہیں زندہ درگور کرنا چاہتی ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کیا جائے۔ سیکورٹی، پروٹوکول اور سرکاری مراعات کے نام پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کر دیئے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کی بدولت صنعتی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

حالیہ اضافے سے ٹیکسٹائل برا ٓمدات میں مزید 5بلین ڈالرز کی کمی ہو گی ۔ لوگوں سے روزگار چھینے جا رہے ہیں۔

حکومت نا اہلوں کے ٹولے پر مشتمل ہے جن کے پاس معاشی وژن ہے اور نہ ہی اہلیت ، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ناگزیر ہے، انتقامی کارروئیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔ ماضی میںایسی طرز سیاست نے ملک و قوم کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔وقت کا تقاضا ہے کہ قومی مفادات کو سیاست سے بالا تر رکھا جائے ۔ اگر آج دانشمندانہ فیصلے نہ کئے گے تو حالات گھمبیر ہو سکتے ہیں ۔