کویت ایئرپورٹ پر مسافر کو مذاق کی بھاری قیمت چکانی پڑگئی

سامان میں بم کی موجودگی کا مذاق کرنے پر مسافر کو فضائی اڈے سے ہی اس کے ملک ڈی پورٹ کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اگست 2023 11:25

کویت ایئرپورٹ پر مسافر کو مذاق کی بھاری قیمت چکانی پڑگئی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اگست 2023ء ) خلیجی ملک کویت کے ایئرپورٹ پر اپنے سامان میں بم کی موجودگی کا مذاق کرنے پر مسافر کو فضائی اڈے سے ہی اس کے ملک ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ کویت کے ’القبس‘ اخبار کے مطابق ایک مصری انجینئر نے اپنے سامان میں بم موجود ہونے کا مذاق کیا، جس پر اس کو کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے الجلیب پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا اور وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل انور البرجس کو ایک درخواست جمع کرواتے ہوئے غیرملکی مسافر کو انتظامی طور پر ملک بدر کرنے کی سفارش کی گئی۔

اس حوالے سے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سکیورٹی ایک سرخ لکیر ہے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا مذاق کرنا مناسب نہیں ہے جب کہ مسافر نے سکیورٹی اہلکاروں سے کہا کہ اس کے سامان میں بم ہے، مصری انجینیر کی جانب سے اپنے ذاتی سامان میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد اس کے بیگ کی بغور تلاشی لی گئی تاہم وہاں سے ایسا کچھ نہیں ملا جب کہ مصری انجینیر نے اعتراف کیا کہ وہ سکیورٹی والوں کے ساتھ مذاق کر رہا تھا جس کے بعد اسے انتظامی طور پر ملک سے ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کویت نے ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے صرف دو ماہ میں 100 کے قریب تارکین وطن کو ملک بدر کیا ہے، ان جرائم میں لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا، تیز رفتاری، لاپرواہی سے گاڑی چلانا اور مسافروں کو لے جانے کے لیے ذاتی گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال شامل ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ میں جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر میجر جنرل یوسف الخدا نے ٹریفک پٹرولنگ افسران کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، سڑک کی حفاظت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی کوشش میں حکام نے ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں کو نشانہ بنانا جہاں غیر ملکی باشندوں یا کارکنوں کی کثافت زیادہ ہو۔