دبئی میں گھروں کے کرایوں میں اضافہ‘ رہائش مزید مہنگی ہوگئی

کورونا کے بعد سے اب تک رہائشی کرایوں میں 125 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اگست 2023 12:59

دبئی میں گھروں کے کرایوں میں اضافہ‘ رہائش مزید مہنگی ہوگئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں گھروں کے کرایوں میں اضافہ ہونے سے رہائش مزید مہنگی ہوگئی۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق دبئی کی رہائشی جائیداد کی قیمتوں میں دوسری سہ ماہی میں 4.8 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، مضبوط طلب اور مضبوط اقتصادی ترقی کے درمیان مسلسل 10ویں سہ ماہی میں ایسا ہوا ہے۔ کنسلٹنسی نائٹ فرینک میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے تحقیق کے پارٹنر اور سربراہ فیصل درانی نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا نسبتاً طویل دورانیہ سست ہونے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے، اگر کچھ بھی ہے تو مارکیٹ کی تمام حرکیات مزید اضافے کی طرف اشارہ کرتی ہیں، خاص طور پر جب بات ولا کی ہو کیوں کہ سپلائی اور ڈیمانڈ متحرک رہتی ہے، خاص طور پر دبئی کی پرائم لوکیشنز جمیرہ بے آئی لینڈ، ایمریٹس ہلز اور پام جمیرہ میں ولا کی قیمتوں میں دوسری سہ ماہی میں 11.6 فیصد اور جنوری 2020ء سے اب تک 125 فیصد اضافہ ہوا ہے، ان علاقوں میں صرف آٹھ ولاز زیر تعمیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے باقی حصوں میں ولا کی قیمتیں "سپر چارجڈ رہیں" اور 2014ء کی چوٹی سے 5 فیصد زیادہ ہیں، دبئی کے آس پاس زیادہ سستی جگہیں بھی فی مربع فٹ کی بنیاد پر قیمتوں میں زبردست اضافہ کا سامنا کر رہی ہیں، مثال کے طور پر دبئی ہلز اسٹیٹ میں ولاز نے گزشتہ 12 مہینوں میں 24 فیصد اضافہ درج کیا ہے، جو کہ شہر میں ترقی کی تیز ترین شرح ہے، اس نمو کے پیچھے ایک بڑا عنصر لگژری گھروں کی مضبوط اور پائیدار مانگ ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پام جمیرہ دبئی کی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ولا مارکیٹ بنی ہوئی ہے، جہاں صرف دوسری سہ ماہی میں ہی قیمتوں میں 9 فیصد اضافہ ہوا، جس نے گزشتہ سال کے مقابلے میں شرح نمو کو 44 فیصد تک پہنچا دیا، پام جمیرہ میں ولا کی قیمتوں میں جنوری 2020ء سے 146 فیصد اضافہ ہوا ہے اور تقریباً 4 ہزار 800 درہم فی مربع فٹ ہے، اس علاقے میں ولا کی قیمتیں اب ان کی 2017ء کی چوٹی سے 67 فیصد زیادہ ہیں، جب کہ اپارٹمنٹس اب بھی 2015ء میں اپنی آخری چوٹی سے 7 فیصد پیچھے ہیں۔

رئیل اسٹیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی کی پراپرٹی کی تیزی کسی بھی وقت جلد کم ہونے والی نہیں ہے، دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی سست روی سے مضبوطی سے واپسی کی ہے، امارات کے 10 سالہ گولڈن ویزہ پروگرام کو وسعت دینے کے اقدام، ایکسپو 2020 دبئی سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد اور تیل کی بلند قیمتوں نے بھی پراپرٹی مارکیٹ کی ترقی کی رفتار کو سہارا دیا۔