بیوی نے شوہر سے گولی چلانا سیکھ کر عاشق کی مدد سے اُسی کو مار ڈالا

پولیس کے سامنے موت کو خود کشی قراردیا‘ قتل کے 2 ہفتے بعد اصل حقیقت سب کو پتا چل گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اگست 2023 15:04

بیوی نے شوہر سے گولی چلانا سیکھ کر عاشق کی مدد سے اُسی کو مار ڈالا
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اگست 2023ء ) بھارت میں بیوی نے شوہر سے گولی چلانا سیکھ کر اپنے عاشق کی مدد سے اُسی کو مار ڈالا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت کے علاقے نندگرام میں ایک 45 سالہ چوہدری نامی شخص کی موت کے 2 ہفتے بعد جسے ابتدائی طور پر خودکشی کے طور پر درج کیا گیا تھا، پولیس کو پتا چلا کہ موت منصوبہ بند قتل کا معاملہ ہے، جس پر پولیس نے بیوی اور اس کے عاشق کو گرفتار کرلیا۔

کیس کی تفتیش کرنے والے پولیس افسران کا کہنا ہے کہ انہیں چوہدری کی مبینہ خودکشی کے بارے میں رات گئے معلوم ہوا، جب خاتون نے بتایا کہ ’اس کے شوہر نے خود کو غیر قانونی ہتھیار سے سر میں گولی مار لی ہے، جس نے کچھ ادا نہ کیے گئے قرضوں پر افسردہ ہونے کے بعد خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا‘ جب اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے اسے اپنے بستر پر مردہ پایا جس کے سر پر گولی لگی تھی اور پاس ہی ہینڈ گن بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس کو شبہ ہوا کہ گولیوں کا انٹری پوائنٹ چوہدری کے سر کے بائیں جانب تھا اور عام حالات میں ایسا نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ وہ شخص دائیں ہاتھ والا تھا، پولیس کے شک کی وجہ سے تفتیش کاروں نے خاتون کی کڑی نگرانی کی اور مقامی مخبروں پر بھروسہ کیا، جن کی مدد سے مقتول کی اہلیہ 28 سالہ شیوانی چودھری اور اس کے عاشق 20 سالہ انکش پرجاپتی کے تعلقات کا انکشاف ہوا۔

تفتیشی اہلکاروں نے بتایا کہ انکش اس خاتون شیوانی کے گھر کے قریب ایک موبائل فون کی دکان چلاتا ہے اور اس عورت کو اس وقت سے جانتا ہے جب وہ اس کی دکان سے اپنا فون ریچارج کرواتی تھی اور دونوں کے درمیان نومبر 2022ء میں ناجائز تعلقات بن گئے، اسی دوران خاتون کے شوہر نے غیر قانونی طور پر آتشیں اسلحہ حاصل کیا اور اپنی بیوی شیوانی کو اسے استعمال کرنے کا طریقہ سکھایا تو خاتون نے اس علم کو اس کے خلاف ہی استعمال کیا۔

دوران تفتیش شیوانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر نے اس کے ساتھ بدسلوکی کی جس کے نتیجے میں وہ انکش کے قریب ہوگئی، قتل سے تین دن پہلے میں نے انکش کو بلایا اور گھر آنے کو کہا جہاں اسے بندوق چلانے کا طریقہ سکھایا جب کہ قتل کی رات اپنے شوہر کو نیند کی گولیاں کھلائیں اور جب وہ سو گیا تو میں نے انکش کو فون کیا، جس نے اس کے سر میں بائیں طرف سے گولی ماری، قتل کے بعد ہم نے سم کارڈ توڑ دیے اور فون پانی میں پھینک دیئے۔