جنوبی وزیرستان:سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ،6 جوان شہید

فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے،مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،آئی ایس پی آر

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 22 اگست 2023 14:52

جنوبی وزیرستان:سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ،6 ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2023ء) سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ،6 جوان شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیر ستان کے علاقے آسمان منزہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے اور 2 دہشت گرد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 جوان بھی بہادری سے لڑتے شہید ہوئے،علاقے میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔

29 جولائی سے 3 اگست تک در اندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ گرفتار افراد میں فیروز پور کے رہائشی گرمیج سنگھ،سندر سنگھ،جگندر سنگھ اور وشال سنگھ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ کے گروندر سنگھ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسمگلروں کیخلاف غیر قانونی داخلے پر کارروائی کی جائے گی،ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی ہو گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں،توقع ہے کہ بی ایس ایف اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کو ختم کرے گی۔ جبکہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی،بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پر شہری آبادی کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔