اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کی کارروائی،زرتاج گل انکے شوہر اورمیاں شبیر علی قریشی کے خلاف مقدمات درج

منگل 22 اگست 2023 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2023ء) اینٹی کرپشن پنجاب کی صوبے بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔ شہری اسفند جنید کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے سابق وزیر مملکت اور ممبر قومی اسمبلی زرتاج گل انکے شوہر ہمایوں اخوند اور سورس رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سابق ممبر قومی اسمبلی حلقہ 181 میاں شبیر علی قریشی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے، مگر وہ گرفتار نہ ہو سکے۔

زرتاج گل اور انکے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں 10فیصد تک کمیشن لیا،شہری نے درخواست میں زرتاج گل کی جانب سے CD-iii سکیموں میں گھپلوں کی نشاندہی بھی کی تھی اور اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے اس پر مقدمہ درج کر کے انکی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن ٹیم نے زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے انکی رہائشگاہ پر گزشتہ روز چھاپہ مارا مگر زرتاج گل وزیر کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔

مزید اینٹی کرپشن نے سابق ایم این اے میاں شبیر علی قریشی کے خلاف بھی کرپشن کے الزامات پر مقدمہ درج کرکے انکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے مگروہ گرفتار نہ ہو سکے۔اینٹی کرپشن نے سابق ایم این اے,این اے181 میاں شبیر علی قریشی کے خلاف کرپشن کے الزامات پر مقدمہ درج کیاہے مگر ابھی تک ان کی گرفتاری بھی عمل میں نہ لائی جاسکی ہے۔میاں شبیر علی قریشی پر الزام ہے کہ انھوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لیا اور مالی مفادات کے لیے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازا۔ اینٹی کرپشن نے ایکسینز محمد کامران اکرم،محمد وقاص اور ایس ڈی او نور محمد اور دیگر کو مقدمہ میں نامزد کیا ہے۔