میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بخش بزنجو نے نظریات کیلئے زندگی وقف کی تھی، مقررین کا برسی سے خطاب

ہفتہ 26 اگست 2023 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2023ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فوک اینڈ ہیرٹیج کمیٹی کی جانب سے معروف سیاست دان میر غوث بخش بزنجو کی 34ویں اورمیر حاصل خان بخش بزنجو کی تیسری برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد آڈیٹوریم میں کیاگیا جس میں بلوچستان کی تاریخ پر مبارک علی کی کتاب”تاریخ ایران و بلوچستان“ اور جاوید حسن کی کتاب ”مت سہل ہمیں جانو“ کی رونمائی بھی کی گئی۔

تقریب میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، جنرل سیکرٹری جان محمد، نیشنل پارٹی کے نائب صدر ایوب قریشی، شاہ ویز بزنجو، ، قاضی جاوید ایڈووکیٹ ، پائیلر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کرامت علی، شاہ محمد شاہ، عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما سینئر ایڈووکیٹ اختر حسین، پروفیسر توصیف احمد، مجاہد بریلوی، مجید ساجدی، نور محمد، شاہینہ رمضان سمیت دیگر نے گفتگو کی۔

(جاری ہے)

جاری اعلامیہ کےمطابق اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ میر حاصل بزنجو ایک متحرک سیاسی کارکن تھے، انہوں نے اپنے نظریات کے لیے پوری زندگی وقف کردی۔ میر بخش کہا کرتے تھے کہ سیاسی پارٹیوں کو تقسیم سے بچانا خود ایک فن اور کامیابی ہے، آج نیشنل پارٹی کی قیادت میں ہم آہنگی نظر آتی ہے۔ ، انہوں نے کہاکہ حسن جاوید اور مبارک علی نے جو کتابیں ترتیب دی ہیں وہ قابل تعریف ہے۔

جان محمد نے کہاکہ دو عظیم بلوچوں نے خطہ میں بھرپور سیاسی کردار ادا کیا، اپنے دور کے بہت بڑے مفکر اور سیاستدان تھے۔ سیاسی رہنما شاہ محمد شاہ نے کہاکہ میرا سیاسی استاد میر غوث بخش بزنجو تھے جس پر مجھے فخر ہے،ہم ان کی سیاست کے سپاہی ہیں۔قاضی جاوید ایڈووکیٹ بزنجو نے کہاکہ دونوں شخصیات کا پاکستان کی تاریخ میں بہت بڑا نام ہیں ۔ پروفیسر توصیف احمد نے کہاکہ میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو نے ساری زندگی سیاسی جدوجہد کی،ان کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔نیشنل پارٹی کے نائب صدر ایوب قریشی نے کہاکہ میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو کا اپنے عہد کے نامور سیاست دانوں میں شمار ہوتا ہے۔