وطن عزیز کے بقاو سلامتی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا، سردار ذوالفقار علی کھوسہ

اتوار 27 اگست 2023 19:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2023ء) سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے بقاو سلامتی کے لیے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا،بدقسمتی جس سیاسی جماعت کو بھی اقتدار ملا اس نے ملک سے زیادہ اپنے سیاسی فائدہ کو دیکھا،آج عام آدمی کے حالات اور ملک کی صورتحال دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ کھوسہ ہاوس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ قدرت پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے مالامال کر رکھا ہے مگر ان وسائل کا درست استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اباواجداد نے یہ ملک قربانیاں دے کر بنایا تھا مگر ہم نے اس کی قدر نہیں کی، حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں اپنا قبلہ درست کر لینا چاہیے اور ملکی مفاد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی کھوسہ نے کہا کہ میں نگران حکومت سے توقع رکھتا ہوں وہ عوام کے لیے ریلف پیکج کا اعلان کرے گی اور بجلی و پٹرول کے نرخوں میں کمی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری منزل ہے ہمارا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے اور میں پر امید ہوں جلد ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور ان مشکلات سے ہم جلد باہر آئیں گے۔انہوں کہا کہ دوسروں پر تنقید کی بجائے ہمیں انفرادی طور پر ملک کی بہتری کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ سابق گورنر نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنی جائیدادیں پاکستان کی غریب عوام کے لیے وقف کر دینی چاہیں تاکہ عام آدمی کو بھی پتہ چل سکے کہ حکمران واقعی عوام کے ساتھ مخلص ہیں اور ان مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔