Live Updates

عمران خان ورلڈ کپ جیتنے والے واحد کنوارے کپتان، بابر اعظم کے پاس تاریخ دہرانے کا موقع

ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان اب تک کنوارے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما ایک بیٹی کے باپ ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 اگست 2023 16:03

عمران خان ورلڈ کپ جیتنے والے واحد کنوارے کپتان، بابر اعظم کے پاس تاریخ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اگست 2023ء ) ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے اب تک 12 ایڈیشن کھیلے جا چکے ہیں اور آسٹریلیا کی ٹیم 5 ورلڈ کپس جیت کر پہلے نمبر پر ہے جب کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2 ،2 مرتبہ یہ ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے ، پاکستان ،سری لنکا اور انگلینڈ نے ایک ،ایک مرتبہ ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی ٹرافی اٹھا رکھی ہے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ابھی تک عمران خان کے علاوہ جتنے بھی کپتانوں نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی وہ شادی شدہ تھے ۔

1975ء اور 1979ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کلائیو لائیڈ تھے، 1983ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان کپل دیو بھی 1980ء میں شادی کے بندھن میں بندھ چکے تھے، 1987ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلن بارڈر بھی شادی شدہ تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے جب 1992ء میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی تب وہ کنوارے تھے ۔ 1996ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا بھی شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے۔

1999ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلین کپتان سٹیو وا، 2003ء اور 2007ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ بھی خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے ۔ 2011ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے بھارتی کپتان ایم ایس دھونی جولائی 2010ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے ۔ 2015ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک بھی ایک بار دل ٹوٹنے کے بعد اس وقت شادی شدہ زندگی گزار رہے تھے ۔

2019ء کا ورلڈ کپ اپنے نام کرنے والی انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان این مورگن بھی شادی شدہ تھے ۔
ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ابھی تک کنوارے ہیں جب کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما ایک بیٹی کے باپ ہیں ۔ سوشل میڈیا صارفین اب تک کی تاریخ دیکھتے ہوئے یہ سوال کررہے ہیں کہ کیا بابر اعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوں گے یا نہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات