سعودی عرب میں خواتین کے بھیس میں شاپنگ کرنے والا غیرملکی گرفتار

عبایا اور اونچی ایڑھی والے جوتے پہنے شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر پولیس نے ایکشن لیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 اگست 2023 10:39

سعودی عرب میں خواتین کے بھیس میں شاپنگ کرنے والا غیرملکی گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اگست 2023ء ) سعودی عرب میں خواتین کے بھیس میں شاپنگ کرنے والے غیرملکی مرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں سکیورٹی حکام نے ایک مصری باشندے کو گرفتار کیا ہے، جو الخبر گورنری کے ایک شاپنگ مال میں خواتین کا بھیس بدل کر خریداری کرنے پہنچا تھا۔ اس حوالے سے ایسٹرن ریجن پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ ایک مصری باشندے کو گرفتار کیا گیا ہے جو الخبر گورنری کے ایک تجارتی مرکز میں خواتین کا لباس پہنے ہوئے تھا، اس کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے کے بعد اس کی شناخت کی گئی جس کے بعد اس کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایک سعودی وکیل احمد المحمید نے دوسری جنس کی نقل کرنے کے خلاف سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جرم کی سزا 5 سال تک قید ہے کیوں کہ ہم شریعت اور قانون کے ملک میں ہیں جہاں ہم اتفاق کرتے ہیں کہ یہ عمل شریعت کی خلاف ورزی کرتا ہے اور مملکت کے انسداد سائبر کرائم قانون کے تحت عوامی اخلاقیات کی خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ 5 سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانے کی سخت سزا ہے، جرم میں ملوث افراد کو شرمندہ کرنے اور دوسروں کی عبرت کے لیے ان کا نام بھی پبلک کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے اس بات کی تردید کی کہ دوسری جنس کی نقل کرنا سعودی معاشرے میں ایک رجحان بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے چند ایک مقدمات ہیں، جن کے لیے خصوصی تعزیرات کی ضرورت نہیں ہے، حالیہ برسوں میں سعودی حکام نے سوشل میڈیا پر جرائم کے ارتکاب اور اس کی تشہیر سے متعلق مختلف مقدمات میں متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔