سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیرکے حقیقی ہیرو ہیں، مقررین

ہفتہ 2 ستمبر 2023 15:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے بزرگ رہنما اور تحریک آزادی کشمیر کی علامت سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے انہیں تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی ہیرو قرار دیاجو زندگی بھر ناجائز بھارتی قبضے اور ناانصافی کے خلاف بے مثال مزاحمت کرتے رہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے اسلام آباد میں قائم دفتر میں منعقدہ سیمینار سے تنظیم کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد، سابق امیر عبدالرشید ترابی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماوں غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین اور دیگر مقررین نے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی ساری زندگی کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور ان کی بے مثال جدوجہد اور مزاحمت کا بھر پور جذبہ کشمیریوں کی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے 1950 کی دہائی میں کشمیر کی سیاست میں قدم رکھا اور انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے 37 سال تک پرامن سیاسی جدوجہد کی لیکن بالآخر انہیں یہ احساس ہو گیا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت کشمیریوں کو جمہوری طریقے سے ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ہرگز نہیں دے گا ۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے تمام تر مشکلات اور مصائب کے باوجود بے مثال عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا اور اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک سچے پاکستانی تھے جو دو قومی نظریہ کے مطابق کشمیریوں کی سیاسی تقدیر کو پاکستان کے ساتھ منسلک کرنے پر یقین رکھتے تھے اور وہ اپنی زندگی کی آخری سانس تک اس نظریے پر کاربند رہے۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بھارتی فوج کی سنگیوں تلے ”ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ لگا کر ثابت کیا کہ وہ سچے پاکستانی ہیں۔ ڈاکٹر مشاق احمد اور دیگر مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے زندگی کا ایک بڑا حصہ جیلوں اور تعذیب خانوں میں گزارا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقت پر مضبوطی سے ڈٹے رہے۔