وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی سردار عتیق احمد خان سے ملاقات

پیر 11 ستمبر 2023 19:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2023ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی مجاہد منزل آمد،مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی اموراور مسئلہ کشمیر پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خطہ کے حالات جس تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں ان کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلیے مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے عالمی فورم پر یہ مسئلہ پچھلے 73سال سے حل طلب ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجاہد اول سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد عبد القیوم خان ایک ویژنری شخصیت کے مالک تھے ان کا جدوجہد آزادی کشمیر اور پھر آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں اہم کردار تھا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے 5 اگست کے اقدامات واپس لینا پڑیں گے تب جا کر مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ۔انہوں نے آزادکشمیر کی سیاست میں سردار عتیق احمد خان کے اہم کردار کو سراہا۔سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے مجاہد منزل آمد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزادکشمیر کا سیاسی کلچر سب کیلیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے گڈ گورننس کیلئے وزیراعظم کے اقدامات کی ستائش کی اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم کو اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔چیئرمین یوتھ سردار عثمان علی خان، سردار عابد رزاق اور صاحبزادہ مودودالحسن گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔