ایم کیو ایم کے شہید کنوینرڈاکٹر عمران فاروق کی13و یں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

ایم کیو ایم رہنمائوں کا شہدا قبرستان میں شہید کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی قبر پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اہتمام پاکستان کے مختلف شہروں سمیت اندرون سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ میں منعقد کیا گیا،مرکزی اجتماع بہادر آبادپر منعقدہوا

ہفتہ 16 ستمبر 2023 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2023ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شہیدکنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی13و یں برسی پاکستان کے مختلف شہروں سمیت اندرون سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ حیدرآباد،سکھر،میر پور خاص، ٹنڈوالہیار،نوابشاہ،بدین،سانگھڑ، عمرکوٹ، ٹھٹہ، سجاول، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، گھوٹکی سمیت دیگر شہروں میں نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی جبکہ مرکزی اجتماع ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر منعقد کیا گیا۔

برسی کے اجتماعات میں ایصال و ثو اب کیلئے قر آن خو انی وفا تحہ خو انی کی گئی۔مرکزی اجتماع میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈپٹی کنوینر کیف الو اری،عبدالوسیم، رکن رابطہ کمیٹی وسابق وفاقی وزیر سید امین الحق و دیگر اراکین رابطہ کمیٹی،انچارج و ارکین سی او سی،سینیٹر خالدہ اطیب،سابق حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات،علما کمیٹی،ٹانز کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی عبد الحسیب نے پاکستان کی ترقی و معیشت کی بہتری، اسیر و لاپتہ کارکنان کی جلد بازیابی اور شہدا کی مغفرت بلخصوص ڈاکٹر عمران فاروق شہید کے ایصال ثواب اور انکے بلند درجات کے لئے دعا کرائی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم و اراکین رابطہ کمیٹی،مرکزی شعبہ جات کے اراکین،سابق اراکین اسمبلی نے شہدا قبرستان میں شہید کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔