سکیورٹی فورسز نے جانی خیل اور دتہ خیل میں 8 دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار کرلئے

ہلاک دہشتگرد فورسز کیخلاف دہشتگردی میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 ستمبر 2023 19:22

سکیورٹی فورسز نے جانی خیل اور دتہ خیل میں 8 دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار کرلئے
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر 2023ء) پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور سہولتکاروں کے خلاف انتہائی منظم انداز میں آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ میں جانی خیل اور دتہ خیل میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 سہولتکار گرفتار کرلئے ہیں، ہلاک دہشتگرد فورسز کے خلاف دہشتگردی میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخواہ میں 2 اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا،آپریشن بنوں کے علاقے جانی خیل اور شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جانی خیل میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

جانی خیل میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 5 گرفتار کرلئے گئے، جانی خیل میں ہلاک دہشتگرد فورسز کے خلاف دہشتگردی میں ملوث تھے۔

دہشتگرد جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش حملے کے سہولتکار تھے، 31 اگست 2023 کو ہونے والے خودکش حملے میں 9 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔ اسی طرح سکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا ،اس آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔اس طرح دونوں میں آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے، جبکہ آپریشن میں 5 دہشتگرد اور ان کے سہولتکار بھی گرفتار کرلئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ مقامی افراد کی جانب سے آپریشن کو سراہا گیا۔