پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ

لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 ستمبر 2023 11:36

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 ستمبر 2023ء) لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔عدالت عالیہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام پر ظلم کیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

جب کہ آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر پاکستان سے رپورٹ طلب کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے ماہانہ 1 لاکھ 20 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر اظہارِ تشویش کیا ہے، ذرائع ایف بی آر کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر سے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر رپورٹ مانگ لی۔

(جاری ہے)

پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اب تک اٹھائے اقدامات سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسمگلنگ سے کسٹم اور لیوی کی مد میں 10 ارب سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ ماہانہ 143 ملین لیٹر پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکا جائے،پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ بڑھنے سے درآمدی بل میں کمی سے ریونیو شارٹ فال ہو گا۔ آئی ایم ایف نے ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ کو ریونیو بڑانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ سے سخت شرائط کا تحریری معاہدہ مانگا تھا۔ آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ اور وزارتِ توانائی سے 5 شرائط پر مبنی معاہدے کا مطالبہ کیا،آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پروڈیوسرز کو دی گئی مراعات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔