پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے جعلی میڈیکل سپیشلسٹ کا کلینک سیل کر دیا

جمعہ 22 ستمبر 2023 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2023ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے جعلی غیر ملکی قابلیت ظاہر کر کے ماہر ذیابیطس ودیگر خصوصی امراض کے معالج ہونے کے دعویدار میڈیکل گریجویٹ کے کلینک کو گزشتہ روزسیل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہرزاد فاروق زار، جو کہ ڈاکٹر زار کے نام سے بھی مشہور ہیں، ذیابیطس، جنسی امراض اور وزن میں کمی کے حوالے سے خصوصی طبی خدمات فراہم کر رہے تھے۔

وہ طبی سائنس کے مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجوایٹ ہونے کا جھوٹا دعوی کرکے مریضوں کو گمراہ کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس کے برعکس وہ صرف کراچی یونیورسٹی کے میڈیکل گریجویٹ (ایم بی بی ایس)کے طور پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں رجسٹرڈ ہیں۔ پی ایچ سی کی ٹیم نے گلبرگ کے معروف نجی ہسپتال میں واقع ان کا کلینک سیل کر دیااور مزید کارروائی کے لیے ہسپتال کی انتظامیہ اورانہیں کمیٹی کے روبروپیش ہونے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

یہ دوسرا موقع ہے کہ ڈاکٹر زار غیر قانونی پریکٹس میں ملوث پائے گئے ہیں۔گزشتہ برس کے وسط میں گلبرگ ہی میں واقع ایک اور نجی ہسپتال میں وہ اینڈو کرائنولوجسٹ (کنسلٹینٹ) کے طور پر پریکٹس کر رہے تھے اور اسی طرح خصوصی امرض کے ماہر ہونے کے دعویدار تھے اورطبی خدمات فراہم کر رہے تھے۔کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں صوبہ بھر میں علاج معالجہ بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ ہسپتال نے بھی انھیں برطرف کر دیا تھا اور علاجگاہ کی انتظامیہ نے انکی ڈگریوں کی اصلیت کے بارے میں لاعلمی کا مظاہرہ کیاتھا۔ پی ایچ سی نے اس ہسپتال کواپنے طبی ماہرکی ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھاجبکہ ڈاکٹر زار کا کیس مزید کارروائی کے لیے اس وقت کے پاکستان میڈیکل کمیشن کو بھیج دیا تھا۔