‘ سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید ترقی اور روشن مستقبل سے ہمکنار کرینگے،خوشحال خان کاکڑ

ہفتہ 23 ستمبر 2023 00:05

۳کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2023ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید ترقی اور روشن مستقبل سے ہمکنار کرینگے۔ ہماری سیاست اور جدوجہد کسی سے نفرت اور تعصب کی بنیاد پر نہیں لیکن پشتون دشمن قوتوں اور استعماری بالادستی کی نشاندہی لازمی ہے ۔

پی ڈی ایم نے اپنے اعلامیہ سے دستبردار ہو کر ملک کے اقوام وعوام کو آمرانہ قوتوں اور انکے کاسہ لیسوں کے سپرد کر دیا اور ملک پر بدترین مہنگائی اور بیروزگاری مسلط کر دی جو قابل مذمت ہے ۔ وہ ضلع پشین کے زیراہتمام ملکیارعلاقائی کانفرنس کے کھلے سیشن سے خطاب کر رہے تھے جس سے پارٹی رہنماں محمد عیسی روشان، نصر اللہ خان زیرے، عنایت خان اچکزئی، خلیل خان ترین اور سمیع اللہ ترین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقائی ایگزیکٹیوز کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس سے پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے نے حلف لیا۔ اس موقع پر کلی ملکیار سے عبد الروف محمدی، حاجی محمد ترین، حاجی محمد رمضان ترین، حاجی خلیل ترین، حاجی عثمان ترین کی قیادت میں 29 گھرانوں اور کلی تورہ شاہ سے سمیع اللہ ترین کی قیادت میں 95 گھرانوں نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ اس ملک میں پانچ قومیں اپنے تاریخی سرزمین پر آباد ہے اور ہر قوم کا اپنا صوبہ، صوبائی حکومتیں اور ادارے موجود ہیں لیکن پشتون قوم انگریزی استعمار کی طرح اس ملک میں بھی مختلف حصوں میں تقسیم رکھا گیا ہے اور ملک کے استعماری حکمران پشتونوں کی قومی متحدہ صوبے کے قیام کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں۔

اگر ملک میں شفاف مردم شماری کی جائے تو آبادی کے لحاظ سے پشتون اس ملک کا سب سے بڑی قوم ہے۔ پنجاب نے جعلی مردم شماری کے ساتھ ساتھ سرائیکی بیلٹ کو اپنا حصہ بنا کر دروغ گوئی کی بنیاد پر اپنے آپ کو بڑا بھائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے غیور عوام اور جوانوں نے زئی و خیلی ، بغز و عناد اور نفرت کے نعروں کو مسترد کرتے ہوئے قومی اتحاد و اتفاق کی راہ اپنانی ہوگی اور وطن کے باشعور طبقوں نے اپنی قوم کی موجودہ بدترین اور درپدری کی صورتحال کا احساس کرنا ہوگا۔

صرف ضلع پشین کی حالت کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری قوم مزدور ملت میں تبدیل ہو چکی ہے ضلع پشین کی آدھی سے زائد آبادی مسافرانہ زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور اسی طرح ہمارے عوام کو ہر شعبہ زندگی میں بدترین مشکلات، سنگین مسائل، بھوک و افلاس، غربت اور پسماندگی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے مالا مال وطن کے مالک عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہے قومی محکومی نے ہماری ملت کو تنزلی کے آخری مقام تک پہنچا دیا ہے۔

حکومتی ادارے زندگی کے ہر شعبے میں ناکام اور مفلوج ہو چکے ہیں کسی بھی سطح پر عوام کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گھمبیر صورتحال سے نجات کے لئے منظم بنیادوں پر مسلسل جدوجہد ضروری ہے اور پارٹی عوام کو متبادل کے طور پر بہتر حکمرانی کا ایک نمونہ پیش کریگی جو یقینی طور پر عوام کے موجودہ بدترین حالات میں کمی کا سبب بن جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین ہمیشہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا گڑھ رہا ہے اور اب بھی پشین کے غیور عوام پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ساتھ دے کر ہمیشہ کی طرح قومی تحریک میں فعال کردار ادا کرینگی