گڈانی شپ بریکنگ میں کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے کے نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے، حاجی عبدالعزیز شاہوانی ،عابد بٹ

ہفتہ 23 ستمبر 2023 03:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2023ء) گڈانی محنت کش ایمپلائز یونین بلوچستان کے صدر حاجی عبدالعزیز شاہوانی جنرل سیکرٹری عابد بٹ نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بی ڈی اے انتظامیہ اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے حکام کو صوبائی حکومت کے کم سے کم اجرت کے نوٹیفکیشن 32 ہزر روپے پر عملدرآمد کیلئے سختی سے پابند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی کے دور میں غریب ملازمین اور مزدور وں کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں موجودہ کم اجرت اور مہنگائی کے تناسب سے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر کی گئی اس قانون پر عملدرآمد ناگزیر ہے اور اس قانون پر عمل نہ کرنے والے حکام قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں بحیرہ عرب کے شمال میں دنیا کی مشہور ساحلی پٹی پراپنے وقت کی دنیا کی سب سے بڑی شپ بریکنگ یاڈ کے حوالے سے مشہور اور بلوچستان میں گڈانی کے مقام بڑی صنعت گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں غریب محنت کش تاحال اس قانون سے مستفید نہیں ہورہے اور نہ ہی سابقہ ادوار میں یہاں کم سے کم اجرت کے قانون پر عمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان حکومت اور صوبائی وزراء محنت و افرادی قوت اور وزیر صنعت بلوچستان گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں اس قانون پر عمل کیلئے ادارے کے حکام فوری پابند کریں تاکہ غریب ملازمین کو مہنگائی میں کچھ حد تک ریلیف مل سکے۔ بصورت دیگر گڈانی محنت کش ایمپلائز یونین بلوچستان لیبر فیڈریشن کے ساتھ مل کر کم سے کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کیلئے محکمہ لیبرحکومت بلوچستان کی اس حوالے سے متعلقہ کمیٹی اور محکمہ لاء کو آگاہ کرکے قانوننی چارہ جوئی کا مطالبہ کرے گی۔