سعودیہ جانیوالے ہنرمند پاکستانیوں کے اسکل ویریفکیشن ٹیسٹ اب پاکستان میں ہی منعقد ہوا کرینگے،ڈی جی نیو ٹیک

اتوار 24 ستمبر 2023 17:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2023ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل حسین بخش مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانیوالے تربیت یافتہ ہنر افراد کا صوبائی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ اسکل ویریفکیشن پروگرام کے تحت ٹیسٹ انقلابی اقدام ہے جس سے روزگار کیلئے سعودی عرب جانے والے افراد کا نہ صرف قیمتی وقت بچے گا بلکہ انہیں انتہائی کم فیس کے عوض ویریفکیشن سرٹیفکیٹ بھی مل جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کوئٹہ میں نیو ٹیک اور سعودی ادارے تکامل کے زیر اہتمام اسکل ویریفکیشن پروگرام کے تحت مختلف شعبوں کے ہنر مند افراد کے تحریری و پریکٹیکل ٹیسٹ کا معائنہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ایم ڈی بی ٹیوٹا محمد جان ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا غلام رضا ‘ ڈائریکٹر مین پاور ٹریننگ ارشاد احمد ‘ پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی ‘ریجنل انچارج اوو رسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن خلیل منگی ‘ ڈائریکٹر نیو ٹیک شیر احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیو ٹیک عدنان حمید بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیو ٹیک نے کہا کہ ماضی میں یہ ٹیسٹ سعودی عرب میں منعقد ہوتا تھا جس کے تحت امیدوار سے 400ڈالر لئے جاتے تھے جبکہ نیو ٹیک اور تکامل کے اشتراک سے پہلی مرتبہ پاکستان میں ہی اس ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور امیدواروں سے نہ ہونے کے برابر فیس لی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ٹیسٹ کا انعقاد جاری رہے گا ڈائریکٹر مین پاور ٹریننگ ارشاد احمد اور پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے اہم ٹیسٹ کیلئے ٹی ٹی سی کوئٹہ کا انتخاب اعزاز کی بات ہے ہم آئندہ بھی ملکی و قومی سطح پر نہ صرف ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں رہیں گے بلکہ اس قسم کے تحریری و پریکٹیکل امتحانات کیلئے اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔