امن و وحدت ،حُکمِ الٰہی وپیغامِ رسالتؐ ہے،متحدہ علماء محاذ

سردار عبدالرحیم ،علامہ حسین مسعودی، مولانا محمد امین انصاری، مفتی دائود ودیگر کا سیمینار سے خطاب

منگل 26 ستمبر 2023 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) متحدہ علماء محاذ کے زیر اہتمام16سالانہ بسلسلہ ہفتہ وحدت سیمینار وحدت امت سیرت مصطفیﷺ کی روشنی میںپاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری ، جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم کی زیر صدارت ،محاذ کراچی کے صدر انسداد منشیات مرکز کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائودکی میزبانی ، محاذ کے بانی سربراہ مولانا محمدا مین انصاری،محاذکے مرکزی سینئر وائس چیئرمین حجة الاسلام علامہ محمد حسین مسعودی کی زیر سرپرستی منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء بشمول شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک، علامہ ڈاکٹر شاہ فیرو زالدین رحمانی،مفتی وجیہہ الدین، علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی،علامہ عبدالماجد فاروقی، علامہ ڈاکٹر پروفیسر سید شمیل احمد قادری حنبلی علامہ مرتضیٰ خان رحمانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و وحدت ،حکم الٰہی اور پیغام رسالتؐ ہے۔

(جاری ہے)

خاتم النبیین محمدﷺ نے پوری انسانیت کو امن و سلامتی، صبر و تحمل،عفو و درگزر،ایثار و قربانی، صلہ رحمی کا پیغام دیا۔ اسلام و ملک دشمن قوتیں پاکستان میں قومیت، لسانیت ، فرقہ واریت کے ذریعے اندرونی و بیرونی منظم ، گھنائونی سازشیں کررہی ہیں۔ وارثین انبیاء علمائے حق محراب و منبر کے ذریعے فرقہ وارانہ استعماری سازشوں کیخلاف وحدت و بیداری کی فضاء پیداکریں۔

اسلام کے عادلانہ نظام سے روگردانی کے باعث پاکستان حالیہ مشکلات کا شکار اور آئی ایم ایف کے ظالمانہ شکنجے میں جکڑا ہواہے۔سیرت النبیؐ کو صرف منانے کے بجائے اپنی زندگیوں میں نافذ العمل کرنے کی ضرورت ہے۔نبی کریمﷺ کی ذات اقدس ہی نقطہٴ اتحاد ہے۔فرقہ واریت ،دہشت گردی،انتہا پسندی کا اسلام اور کسی مسلک سے تعلق نہیں، مسلمان دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ انصار مدینہ جیسا سلوک و کردار اداکریں۔

نبی رحمتﷺ نے غیر مسلموں کے ساتھ بھی اچھا سلوک کرنے کی تاکید فرمائی ہے۔فلسطین و کشمیر کی آزادی ، خودمختاری، بحالی و آبادکاری کیلئے مسلم حکمران اپنا کردارادا کریں۔دنیا کی کوئی طاقت حب رسولؐ ،حب قرآن و اہل بیت اطہار و اصحاب رسولؐ کی عظمت کو ہمارے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔ حکمران اغیار کے بجائے غلامی رسولؐ پر فخر اور استعماری قوتوں سے بیزاری کا اعلان کریں۔

سیمینار سے علامہ مفتی اسدالحق چترالی، افغان قونصل کراچی کے سیکریٹری مولانا حبیب الرحمن،فیصل علی بلوچ، تاجر رہنما شریف میمن، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک،صاحبزادہ حافظ عبدالمجید،طالبعلم رہنما کراچی یونیورسٹی محمد ربیط خان، صاحبزادہ مظاہر حسین ہاشمی،پاک سولجر کراچی کے صدر سید معرفت شاہ، علامہ محمد ظاہر شاہ سواتی،مولانا محمد رفاق سلطان ،مولانا قاری طیب سہتانی ،مولانا قاری خلیل الرحمن ،مولانا قاری زکریا،مولانا قاری عین الدین اور ترکیب نیوز ٹی وی کے رپورٹر ودیگر نے خطاب کیا۔

سیمینار میں مفتی رفیع اللہ رفعت،قاری عبید اللہ چترالی، حسین الدین شاہ رحمانی،قاری محمد ابراہیم چترالی نے بارگاہ رسالت ؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیاجبکہ سیمینار کا آغاز صاحبزادہ حافظ محمد عارف دائود کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔شیخ الحدیث مولانا مفتی محمددائود نے ملکی امن و استحکام فلسطین و کشمیر اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے خصوصی اختتامی دعا کرائی۔