رواں سال صوبہ بھر میں جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 88736 اشتہاری ملزمان گرفتار کئے گئے، ترجمان

منگل 26 ستمبر 2023 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) آئی جی پنجاب کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کی ٹیمیں جرائم کے قلع قمع کیلئے شب و روز مصروف ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے منگل کو بتایا کہ رواں سال کے دوران اب تک صوبہ بھر میں جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 88736 اشتہاری ملزمان گرفتار کئے گئے، ان میں اے کیٹیگری کے 12651 اور بی کیٹیگری کے 76085 اشتہاری ملزمان شامل ہیں،منشیات کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لئے صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی جاری ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 21516 مقدمات درج کرکے 20436 منشیات فروش، ڈیلرز اور اسمگلر گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ ملزموں کے قبضے سے 19631 کلو چرس، 864 کلو افیون ،562 کلو ہیروئن، 65 کلو آئس، 3055 کلو بھنگ اور 67 کلو دیگر منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں لوٹا گیا 584 ملین جبکہ رابری میں 1414 ملین کا سامان برآمد کیا گیا،چھینی اور چوری ہونے والی 1242 گاڑیاں اور 17921 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں،اغوا برائے تاوان کے 71 مقدمات درج کرکے 127 ملزمان گرفتار کئے اور 77 مغوی بازیاب کرائے گئے، اندھے قتل کے 456 مقدمات میں ملوث میں 447 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے جرائم کے قلع قمع کیلئے کریک ڈائون میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں جرائم کے قلع قمع کیلئے بروقت کارروائیاں یقینی بنائیں جبکہ پولیس کارروائیوں اور ملزموں کی گرفتاری کی رپورٹس باقاعدگی کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔