مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے برطانیہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا ،راجہ جاوید اقبال

بدھ 27 ستمبر 2023 17:07

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) چیئرمین جموں وکشمیر اوورسیز کونسل (یوکی) راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہآزاد جموں وکشمیر کے دورہ پر برطانوی پارلیمنٹ کی رکن اور شیڈو منسٹر ناز شاہ سمیت برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے وفد کا دورہ خوش آئند ہے۔راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے برطانیہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا ناز شاہ آزاد جموں وکشمیر کی بیٹی ہیں اور مجھے فخر ہے کہ وہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔

مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہم سب کا خواب ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام پر انسانیت سوز مظالم کا احساس کرنا چاہیے اور اس کے تدارک کے لیے منظم اقدامات اٹھانے چاہیے۔

(جاری ہے)

برطانوی ممبران پارلیمنٹ انسانیت سوز مظالم بند کروانے کے لیے اپنی آواز بلند کرر ہے ہیں۔دنیا کے ہر خطہ میں ہر انسان کو آزادانہ زندگی گزارنے کا حق ہے مگر بھارت نے ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کے حق کو سلب کر رکھا ہے۔

برطانیہ میں مقیم کشمیری برطانوی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370کا خاتمہ کیا ہے 35Aشق کو ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت ختم کی گئی ہے۔برٹش کشمیری برطانیہ میں ہر شعبہ زندگی میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔راجہ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت اور انصاف ملنا چاہیے۔انھیں خوف اور دباؤ سے دبایا نہیں جاسکتا۔انسانی حقوق کے لیے عالمی سطع پر ہمیں آواز اٹھانا ہو گی کشمیر کاز کے لیے ہمیں سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔