یم کیو ایم نے ہر فورم پر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے،محمد طاہر کھوکھر

ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر پورے ملک سے غریب، متوسط ، محروم اور محکوم طبقات کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرے گی

بدھ 27 ستمبر 2023 17:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) ایم کیو ایم آزاکشمیر کے سابق پارلیمانی لیڈر و سابق حق پرست وزیرٹرانسپورٹ محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر پورے ملک سے غریب، متوسط ، محروم اور محکوم طبقات کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ایم کیو ایم نے ہر فورم پر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔

غربت ، بے روزگاری ، دہشت گردی ، تعلیم ، صحت اور مہنگائی جیسے مسائل پر کئی مرتبہ وزارتوں سے استعفے دیئے خود حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے حکومت وقت کے خلاف قراردادیں اسمبلیوں میں لائیں اور عوام کے جذبات کی ترجمانی کی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ایم کیو ایم نے ہمیشہ آواز بلند کی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

خصوصا خواتین کے حقوق اور دہشت گردی کے خلاف ایم کیو ایم جدوجہد عوام کے سامنے ہے ہماری قیادت کبھی کسی مصلحت کاشکار نہیں ہوئی عوام خود فیصلہ کریں کہ انہیں کسی طرح کی قیادت چاہیے وقتی مفادات اور اقتدار کیلئے عوام کا سودا کرنے والی یا عوام کے حقوق کیلئے قربانیاں دینے والی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ملک بھر کے غریب ، محکوم اور متوسط طبقات کی کڑی آزمائش ہے جاگیرداروں ، وڈیروں اور استحصالی سیاست دانوں سے نجات حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے عوام جاگیرادوں ، وڈیروں اور صنعت کاروں کے بجائے متوسط طبقات کے نمائندوں کو ووٹ دیں ایم کیو ایم نے پورے ملک میں جاگیرداروں اور صنعت کاروں کے بجائے غریب اور متوسط طبقات کے نمائندوں کو ٹکٹ دیئے ہیں کیونکہ غریب عوام کے مسائل صرف ایک غریب اور متوسط طبقہ کا فرد ہی سمجھ سکتا ہے مراعات یافتہ طبقہ جس کے کبھی پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر نہ کیا ہو ، جس کے بچوں نے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل نہ کی ہو ، جس کو علاج معالجہ کی سہولیا ت میسر نہ ہوں وہ کیسے ایک عام آدمی کا دکھ سمجھ سکتا ہے امریکہ اور یورپ کے مہنگے ترین اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے جو ملک کی قومی زبان تک ٹھیک طریقے سے نہیں بول سکتے وہ ملک کے کروڑوں غریبوں کی نمائندگی کیسے کرسکتے ہیں عوام خود فیصلہ کریں انہیں اپنی آنے والی نسل کیلئے تبدیلی کیلئے قربانی دینا ہوگی ۔

ایم کیو ایم ہی وہ واحد جماعت ہے جو نعروں کے بجائے عمل پر یقین رکھتی ہے ایم کیو ایم نے ہمیشہ متوسط طبقات کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ٹکٹ دے کر اسمبلیوں میں پہنچایا اور ان کی کارکردگی مثالی ہے آئندہ انتخابات میں عوام ایم کیو ایم ووٹ دیں ۔ ایم کیو ایم ملک سے غربت ، جہالت ، بے روزگار ی، انصاف اور مساوات قائم کرے ۔