پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی

راجیو گاندہی ائیرپورٹ حیدرآباد میں قومی کرکٹرز کی آمد پر بھارتی پولیس نے متنازعہ حرکت کر ڈالی

muhammad ali محمد علی بدھ 27 ستمبر 2023 20:15

پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی
حیدرآباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر 2023ء) بھارت میں پاکستانی ٹیم کی آمد پر بھارتی پولیس کی جانب سے متنازعہ حرکت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ 2023 میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی ہے۔ 7 سال بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت آمد ہوئی ہے۔ لاہور سے روانہ ہونے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم براستہ دبئی راجیو گاندہی ائیرپورٹ حیدرآباد پہنچی۔

اس موقع پر ائیرپورٹ اور اس کے اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ائیرپورٹ اور اطراف میں پیراملٹری کمانڈوز تعینات کیے گئے، قومی ٹیم کو سیکورٹی کے سخت حصار میں ائیرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا۔ جبکہ پاکستانی کرکٹرز کی آمد پر بھارتی پولیس نے حیدرآباد ائیرپورٹ پر متنازعہ حرکت بھی کر ڈالی۔ بھارتی پولیس نے ائیرپورٹ پر موجود پاکستانی شائقین کو پاکستان کا پرچم لہرانے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے سے زبردستی روک دیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھارت میں شیڈول دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی اسکواڈ دبئی پہنچ گئی تھی۔ قومی ٹیم بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئی۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی بھی موجود ہیں جبکہ کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی قومی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

بولنگ کوچ مورنے مورکل نے دبئی میں اسکواڈ کوجوائن کیا جب کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 30 ستمبر کو انگلینڈ سے براہ راست بھارت پہنچیں گے۔ دبئی میں 9 گھنٹے قیام کے بعد قومی اسکواڈ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوا اور قومی اسکواڈ بھارتی وقت کے مطابق رات 8:15 بجے حیدرآباد پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ سے ہوگا تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث یہ میچ شائقین کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان ٹیم کے فینز سے دعاؤں اور نیک خواہشات کی درخواست کرتے ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فینز کی سپورٹ اور محبت کا سلسلہ جاری رہے گا، یہ سپورٹ اور محبت آپ فینز پہلے بھی کرتے رہے ہیں۔