نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر سے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ملاقات

ملاقات کے دوران دونوں صوبوں کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر اور نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ہفتہ کو وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کے دوران دونوں صوبوں کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات بروز ہفتہ وزیراعلی ہاس کی انیکسی میں منعقد ہوئی ۔دونوں نگراں وزرائے اعلی نے صوبوں کے کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف کلین اپ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقے میں آپریشن باقاعدہ آغاز کر چکی ہے۔ رینجرز/پاک فوج کی شمولیت سے اس میں مزید تقویت آئے گی۔نگراں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے کچے کے علاقے کو بھی اسی طرح کے ڈاکوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس ڈاکوں کے خلاف متعدد کارروائیاں کرچکی ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خاتمے کے لیے مشترکہ آپریشن شروع کیا جائے۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جب سندھ پولیس ان کا پیچھا کرتی ہے تو ڈاکو پنجاب کے کچے کے علاقے کی طرف بھاگتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خاتمے کے لیے دونوں صوبوں کو بیک وقت اور مشترکہ آپریشن شروع کرنے کی ضرورت ہے۔سندھ اور پنجاب دونوں کے وزرائے اعلی نے بیک وقت ڈاکوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں صوبوں کی طرف جانے والے ان خارجی راستوں کو بند کیا جا سکے۔

دونوں وزرائے اعلی نے انٹیلی جنس رپورٹ ایک دوسرے سے شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مشترکہ کلین اپ آپریشن کے لیے سندھ اور پنجاب کے آئی جی پیز کے اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔ سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلی نے گندم کی فصل24-2023 کی نئی امدادی قیمت پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان میں گندم کی فصل اکتوبر سے دسمبر کے شروع تک بوئی جاتی ہے، اس لیے اکتوبر میں امدادی قیمت کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ کاشتکار بارش کے موسم میں زیادہ گندم اگا سکیں۔سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلی جسٹس باقر اور محسن نقوی نے اس معاملے پر اپنی اپنی کابینہ سے مشاورت کرنے پر اتفاق کیا اور پھر مشترکہ مشاورت سے گندم کی فصل کی امدادی قیمت کا فیصلہ کیا جائے گا ۔