اطاعت رسول ﷺ ہی ہماری کامیابیوں کی ضمانت ہے، کوثر مسعود

ہمارا کردار ہی ہماری پہچان ہے جسے اسوہ رسولﷺ سے سنوارا جائے، لبنی اخلاص کا جے آئی یوتھ خواتین ضلع جنوبی کے تحت سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

پیر 2 اکتوبر 2023 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) جماعت اسلامی حلقہ خواتین یوتھ پاکستان کی صدر کوثر مسعودنے کہاہے کہ اطاعت رسول ﷺ ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، اللہ کی محبت پیارے نبی ﷺ کی محبت سے مشروط ہے اور پیارے نبی سے محبت زبانی نعروں کا نام نہیں بلکہ اطاعت رسول کا نام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی پاکستان خواتین یوتھ ضلع جنوبی کے تحت ڈیفنس فیز سیون میں منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین یوتھ پاکستان کی نائب نگران لبنی اخلاص، جے آئی حلقہ خواتین یوتھ کراچی کی صدر عذرا سلیم اور جے آئی یوتھ ضلع جنوبی کی نگران حاجرہ یوسف نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں سیرت النبی مقابلہ کوئز، مقابلہ تقریر کا انعقاد بھی کیا گیا، تقریری مقابلے میں اول، دوئم اور سوئم آنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

کوثر مسعود نے کہا کہ نوجوانی کی عمر میں کیا جانے والا نیک عمل اللہ کے ہاں بڑے درجات کا باعث ہے اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول کے مطابق ڈھالیں ، اصول و ضوابط کا پابند بنائیں کیونکہ اطاعت رسول ﷺ ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہاکہ اسوہ رسول کو سامنے رکھ کر اپنی زندگی کی تعمیر کریں ، کوشش کریں ہمارا آج کل سے بہتر ہو اپنے اندر اسکلز پیدا کریں علم حاصل کریں بات کرنے کا طریقہ اور سلیقہ سیکھیں خود کو قابل بھروسہ بنائیں منفی سوچنے کی بجائے مثبت سوچیں خود کو کبھی کم نہ سمجھیں۔

کوثر مسعود کا کہنا تھا کہ آئیں ملکر عہد کریں زندگیوں کو شریعت کے مطابق بنائیں گے اور معاشرے میں نافذ کریں گے۔لبنی اخلاص نے کہا کہ ہمارا کردار ہی ہماری پہچان ہے جسے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سنوارا جائے گا اور گزرتے وقت میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہر طرف مادیت اور نفسا نفسی کا عالم ہے ایسے میں اچھا اخلاق ہی ہمیں منفرد اور امتیازی حیثیت دلا سکتا ہے ہر شخص کی ایک پہچان ہے ایک اچھے انسان کی پہچان اس کا اخلاق ہے یہی وہ خوبی ہے جو دلوں کو مسخر کرلیتی ہے یہی وہ خوبی ہے جو روز آخرت ہمارے نیکی کے پلڑوں کو بھاری کرنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اخلاق کے بلند درجے پر فائز تھے اور بحیثیت امت محمدی ان کی پیروی ہمارے ایمان کا حصہ ہے اپنے کردار کو اپنے اخلاق سے سجائیں کہ یہی فاتح زمانہ ہے ۔