ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دینے کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد

جمعرات 5 اکتوبر 2023 21:00

گوجرانوالہ 05 اکتوبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2023ء) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے مدّت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دینے کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے دوران جنرل مینجر ٹیکنیکل مظہر نوید،جنرل مینجر آپریشن رانا محمد اشتیاق، ڈائریکٹرز جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن ، واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں و دیگر افسران نے ریٹائرہونے والے ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک و تحائف دیئے۔

تقریب میں مینجرایچ آر ذیشان ستار،مینجر ایڈمن اظہر یعقوب، مینجر اکائونٹس طارق محمود،اسسٹنٹ مینجر ایڈمن طارق بشیر سمیت گیپکو افسران ، یونین عہدیدران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل مینجر ٹیکنیکل مظہر نوید نے کہا ہے کہ عمر بھر اپنا خون پسینہ دے کر گیپکو کو نمبر ون کمپنی بنانے والے ریٹائرڈ ملازمین محکمہ کیلئے تاحیات باعثِ عزت ہیں،نوکری سے ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے مگر ہمارے دروازے ان کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریٹائر ہوئے ہیں لیکن آپ کا محکمہ کے ساتھ تعلق ہر گز نہیں ٹوٹا ،آپ جب چاہیں یا آپ کو کوئی مسئلہ ہو بلا جھجھک ہمارے پاس آئیں ،آپ کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث ِ فخر ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے اپنے خطاب کے دوران ریٹائر ملازمین کو باعزت طریقہ سے واجبات کی ادائیگی کی شاندار روایت پر گیپکو انتظامیہ کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ ہر ملازم کا خواب ہے اوروہ لوگ نہایت خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں پورے اعزاز کے ساتھ محکمہ سے رخصت کیا جا تا ہے۔