یہ صرف جشنِ آزادی نہیں بلکہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن ہے،وزیر اعلی سندھ

ہفتہ 2 اگست 2025 20:51

یہ صرف جشنِ آزادی نہیں بلکہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن ہے،وزیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت میڈیا، سول سوسائٹی، شوبز اور قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جشن آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے پر مشاورت کی گئی۔ہفتہ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ یہ صرف جشنِ آزادی نہیں بلکہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن ہے،ہم چاہتے ہیں تمام مکاتب فکر کے لوگ آزادی کے جشن کو دوبالا کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں علما کرام ، صحافی، مختلف مذاہب کے رہنمائوں سے جشنِ آزادی کے حوالے سے اجلاس کرچکا ہوں آج آپ تمام معروف شخصیات کو بلانے کا مقصد آپ کی آرا لینا اور جشن کی تقریبات میں آپ کو شریک کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت یکم اگست سے آزادی جشن کا آغاز کرچکی ہے، جس پر تمام شرکاء نے وزیراعلی سندھ کو بھر پور جشنِ آزادی اور معرکہ حق منانے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر تمام کھلاڑیوں ، اداکاروں، صحافیوں نے سندھ حکومت کے پروگرام میں بھرپور انداز میں شرکت کا اظہار کیا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ حکومت کے ترتیب دیئے گئے اسپورٹس، ثقافتی ، میوزیکل اور دیگر تقریبات کے حوالے سے شرکا ء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، سید ناصر شاہ، سعید غنی، ذوالفقار شاہ، وزیراعلی سندھ کے سیکرٹری رحیم شیخ، سیکریٹری جی اے محمد علی کھوسو، سیکریٹری طلاعات ، سیکرٹری ثقافت خیر محمد،فیصل ایدھی، جہانگریر خان، معین خان، سینئر اداکار مصطفی قریشی، ایوب کھوسہ، سرفراز احمد ، فاضل جمالی ، یونس خان، نسیم حمید ، منور سعید، احمد شاہ، سینئر صحافی غازی صلاالدین اور ہمایوں موجود تھے۔