بینک کی کیش وین میں ڈکیتی ،دو گارڈز کے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان کو سزائے موت کا حکم

دو ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا ، عدالت کی جانب سے ملزمان پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے

منگل 10 اکتوبر 2023 20:00

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2023ء) مقامی عدالت نے بینک کی کیش وین میں ڈکیتی اورمزاحمت پر دو گارڈز کے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان کو سزائے موت جبکہ دو ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم سنا دیا ، عدالت کی جانب سے ملزمان پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔نارروال میں پانچ ملزمان نے دوران ڈکیتی دو سکیورٹی گارڈ زکو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جبکہملزمان نے کیش وین سے دوران ڈکیتی 90لاکھ روپے بھی لوٹ لئے تھے۔

نارووال پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔اور ملزمان سے سو فیصد ریکوری کو یقینی بناتے ہوئے ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد پر مبنی کیس عدالت بھجوایا اور دوران ٹرائل مقدمہ کی احسن انداز میں پیروی کرتے ہوئے ملزمان کی سزایابی کو یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیشن جج رانا طارق محمود انجم نے چاروں ملزمان کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے 302کے مقدمہ میں ملزم سبطین اور راشد کو 02,02بار سزائے موت اور07,07لاکھ معاوضہ مقتولین کودینے کا حکم دنایا۔دفعہ 394میں ملزم سبطین اور راشد کو عمر قید اور 01لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ ملزمان عاصم رضا اور احسن رضا کو 302میں عمر قید اور07 ،07لاکھ معاوضہ مقتولین کو دینے کا حکم دیاجبکہ 394میں ملزمان عاصم رضا اور احسن رضا کو عمر قید اور01لاکھ جرمانے کا حکم سنایا۔