نواز شریف دشمنی میں اندھے ہو کر قوم کو برباد ،پھلتے پھولتے پاکستان کو ترقی کی پٹڑی سے اتار دیا گیا، جاوید لطیف

پیر 16 اکتوبر 2023 22:20

صفدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2023ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ16ماہ کی حکومت میں ہم نے مقبولیت کی بجائے ریاست بچائی،نواز شریف دشمنی اور انتقام میں اندھے ہو کر قوم کو برباد اور پھلتے پھولتے پاکستان کو ترقی کی پٹڑی سے اتار دیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاروق آباد میں مسلم لیگ لیبر ونگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جاوید لطیف نے کہا کہ موجودہ مہنگائی دیکھ کر عوام 2017ء کا پاکستان یاد کرتی ہے ،مہنگائی کے باعث 8کروڑ لوگ دو وقت کی روٹی کھانے سے محروم ہیں۔(ن) لیگ کے سابق دور میں روٹی 5روپے کی ملتی تھی۔ (ن) لیگ کے سابقہ دور میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا تھا،پاکستان ترقی پر گامزن ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

مگر پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کو برباد کردیا اور اب کہتے ہیں کہ احتساب کی بات نہ کرو۔

2017ء کے کرداروں کو سزا نہیں دینا چاہتے تو فیض آباد دھرنے کے فیصلے پر ریفرنس فائل کرنے والوں کا احتساب تو کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف دشمنی اور انتقام میں اندھے ہو کر پاکستانی قوم کو برباد کر دیا گیا ،پاکستانی عوام کو کس گناہ کی سزا دی گئی۔پھلتے پھولتے پاکستان کو ترقی کی پٹڑی سے اتار دیا گیا۔16 ماہ کا ملبہ 16 ماہ والوں پر ضرور ڈالیں مگر پونے 4سال کا ملبہ پونے 4سال حکومت کرنے والوں پر بھی ڈالیں۔

پونے 4سال جنہوں نے ملک کی بربادی کی انکا ملبہ انکے سر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک گرداب میں پھنسا ہو اور گھر ٹوٹ رہا ہو تو یہاں مقبولیت دیکھنا ضروری نہیں ،ایسے حالات میں ملک بچانا ضروری ہے چاہے اسکی قیمت کچھ بھی ہو۔قومی جماعتیں ریاست پر اپنی مقبولیت قربان کردیتی ہیں۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اپنی مقبولیت پر ریاست کو قربان کر دیا جائے۔16ماہ کی حکومت میں ہم نے مقبولیت کی بجائے ریاست بچائی۔

جاوید لطیف نے علاقائی مسائل کے حوالے سے فاروق آباد انٹرچینج، کمپنی باغ، نادرا آفس اور لاہور سرگودھا روڈ کو ڈبل کرنے کے حوالے سے وعدہ کیا کہ اقتدار میں آئے تو یہ مسائل ضرور حل کریں گے۔کنونشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کو لوگ امید کی کرن سمجھتے ہیں اور حقائق بھی یہی ہیں کہ نواز شریف جب جب آیا ملک کو اندھیروں سے نکالا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر بھی سزا دی گئی جبکہ دنیا جانتی ہے کہ زمین پر کھڑے ہو کر طیارہ ہائی جیک نہیں کیا جا سکتا۔مگر 8سال بعد ان کیسز کا بھی سامنا کیا اور اب 4 سال بعد بھی کیسز کا سامنا کریں گے۔ کنونشن سے مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ21اکتوبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر نواز شریف کا استقبال کرے گا۔نواز شریف کے آنے سے ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔عوام نواز شریف کی منتظر ہے، 21 اکتوبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔انھوں نے حلقہ این اے 116 سے الیکشن لڑنیکا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر سردار واصف ڈوگر نے حلقہ پی پی 143 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔