بلوچستان میں اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات نہایت خوش آئند ہے، نگران وزیر اطلاعات

ہفتہ 21 اکتوبر 2023 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2023ء) نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات نہایت خوش آئند ہے نوجوان کھلاڑیوں کوگراس روٹ لیول سے اسکواش کی جدید تربیت فراہم کرکے ہی عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جاسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد کے ساتھ شاہنواز مری اسکواش کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر بلوچستان اسکوائش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری فنانس سلمان ناصر، سینیئر وائس پریزیڈنٹ کلیم اللہ خان کاکڑ، سینیئر وائس پریزیڈنٹ معین صدیقی، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی جواد احمد، انفارمیشن آفیسر عدیل احمد بھی تھے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد دیکھ کر دل خوش ہواجہانگیر خان اسکواش کی دنیا کا ایک ایسا نام تھے جنہیں شکست پسند نہیں تھی۔

(جاری ہے)

وہ سالوں تک فتوحات سمیٹتے رہے اور حیرت انگیز طور پر 5 سال 8 ماہ تک ناقابلِ شکست رہے۔ مسلسل 555 میچز میں ان کی فتح ناقابل یقین ہی لگتی ہے وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے اسکوائش کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی ۔ انہوں نے اسکوائش کھلاڑیوں کیلئے شہید نوابزادہ سراج رہیسانی کے نام منسوب ٹورنامنٹ اور اسکواش کھلاڑیوں کے لیے فٹنس جم کا اعلان بھی کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان منسٹر جمال رہیسانی بلوچستان میں اسپورٹس کے فروغ کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اور ان کی یہ کاوشیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔