چیئرمین سینیٹ سے چائنہ میٹالرجیکل گروپ کارپوریشن کے وفد کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

پاکستان میں معدنی شعبے کی ترقی، کان کنی کے لیے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کرنے اور صنعتی پارک کے قیام میں دلچسپی کا اظہار

پیر 23 اکتوبر 2023 19:06

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2023ء) چائنہ میٹالرجیکل گروپ کارپوریشن (ایم سی سی) نے پاکستان میں معدنی شعبے کی ترقی، کان کنی کے لیے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کرنے اور صنعتی پارک کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایم سی سی کے وفد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں ایم سی سی کے کام کو سراہا اور ایم سی سی وفد کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور نئے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے پاکستان میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے ایم سی سی کی ملاقاتیں کرانے کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے تحت چاغی میں نیا منصوبہ ریکو ڈیک کی طرح اہم منصوبہ ہوگا۔ ایم سی سی کے وفد نے چیئرمین سینیٹ کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے معدنیات کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا یقین دلایا۔ ایم سی سی وفد نے معدنیات کے شعبے کی سہولت اور اپ گریڈیشن کیلئے دھات کی کان کنی کیلئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی تجویز دی۔ پاکستان کے اندر ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنے اور ملک میں غیرملکی زرمبادلہ حاصل کرنے کیلئے ایم سی سی نے معدنیات پر مبنی صنعتی پارک کی بھی تجویز دی۔