امجد صابری کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتارکر لیا گیا

گرفتار دہشتگرد نے چار رینجرز اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا،ملزم جیل سے بھی نیٹ ورک چلاتا رہا، سی ٹی ڈی ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 24 اکتوبر 2023 13:15

امجد صابری کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتارکر لیا گیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اکتوبر 2023ء ) معروف قوال امجد صابری کے قتل کے مرکزی ملزم گرفتارکر لیا گیا۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے کالعدم تنظیم کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق قاسم رشید نامی دہشتگرد کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا جس نے عاصم اور اسحاق نامی لوگوں کے ذریعے امجد صابری کو قتل کروایا۔

گرفتار دہشتگرد نے چار رینجرز اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ملزم نے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب دو آرمی اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ملزم نے تفتیش کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔گرفتار دہشتگرد نے جیل سے نیٹ ورک چلانے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریباًً 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

(جاری ہے)

امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔ 31 جنوری2020ء کو امجد صابری قتل کیس کے مجرموں کو مجسٹریٹ کے سامنے انسداد دہشت گردی عدالت میں شناخت کر لیا گیا تھا۔

اے ٹی سی میں امام بارگاہ پر مجلس کے دوران دھماکے کے مقدمے کے کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان دیا کہ مجرموں کی شناخت پریڈ کا عمل میرے سامنے ہوا، دو افراد نے مجرموں کو شناخت کیا۔مجرموں میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد مجرم عاصم کیپری، مجرم اسحاق بوبی شامل ہیں، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 6 فروری کو مزید گواہوں کو طلب کر لیا۔

عدالت میں پیش کردہ کیس کے چالان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجرموں نے 17 اکتوبر 2016 کو ایف سی ایریا امام بارگاہ پر کریکر پھینکا تھا، دھماکے میں 11 سالہ فراز حسین جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہوئے تھے، مجرم پولیس تفتیش کے دوران حملہ کرنے کا اعتراف کر چکے ہیں۔ چالان کے مطابق مدعی مقدمہ مجسٹریٹ کے سامنے مجرموں کو شناخت بھی کر چکا ہے، مجرموں کے خلاف شریف آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملٹری کورٹ سے مجرموں کو امجد صابری قتل کیس میں سزائے موت بھی ہوئی تھی