امجد صابری کے قتل کے ماسٹر مائنڈ سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

جے آئی ٹی میں پولیس، دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے،ملزم سے امجد صابری قتل سے متعلق تحقیقات کی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 اکتوبر 2023 13:47

امجد صابری کے قتل کے ماسٹر مائنڈ سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2023ء) معروف قوال امجد صابری کے قتل کے ماسٹر مائنڈ حافظ قاسم رشید سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے خط لکھ دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے جے آئی ٹی میں پولیس دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے اور جے آئی ٹی ملزم سے امجد صابری قتل سے متعلق تحقیقات کی جائے گی ۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیاہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد قاسم رشید کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے جس نے عاصم اور اسحاق نامی لوگوں کے ذریعے امجد صابری کا قتل کروایا۔حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے 4رینجرز اہلکاروں کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب 2آرمی اہلکاروں کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایاکہ ملزم نے تفتیش میں مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے دستی بم، پستول اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔دہشت گرد قاسم رشید ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے دہشتگردی کے مقدمات میں جیل میں قید تھا۔ اور حال ہی میں جیل سے رہا ہوا اور ساتھیوں کو دوبارہ فعال کررہا تھا۔

ملزم کے ساتھیوں میں وسیم بارودی، عبداللہ، دانش ، حافظ اخلاق، پرویز ، قاری عنایت اور عبداللہ الیاس تیموری شامل ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید دوران قید جیل سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا، اس نے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران سمیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پیر مسعود، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرزاق عباسی کے قتل کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔یاد رہے کہ 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریبا 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی اور سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔