ہم کسی کیخلاف اتحاد نہیں بنا رہے، الیکٹورل ایڈجسٹمنٹ ہرجماعت کا بنیادی حق ہے

8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے، اپنے قانونی ، جمہوری اور سیاسی حق کو استعمال کرینگے، امید رکھتے ہیں ہم الیکشن میں کامیاب ہوں گے، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 نومبر 2023 20:53

ہم کسی کیخلاف اتحاد نہیں بنا رہے، الیکٹورل ایڈجسٹمنٹ ہرجماعت کا بنیادی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 نومبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ سعد رفیق نے کہا ہےکہ ہم کسی کیخلاف اتحاد نہیں بنا رہے، الیکٹورل ایڈجسٹمنٹ ہرجماعت کا بنیادی حق ہے، 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے، امید رکھتے ہیں ہم الیکشن میں کامیاب ہوں گے۔ وہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق تے کہا کہ ہم کسی کے خلاف اتحاد بنانے نہیں جارہے 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے الیکشن لڑنا اور اپنے ہم خیال لوگوں کے ساتھ مل کر الیکٹورل ایڈجسٹمنٹ کرنا ہر جماعت کا بنیادی حق ہے۔

ہم اپنے اس قانونی، اخلاقی ، جمہوری اور سیاسی حق کو ضرور استعمال کرینگے۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ جب ہم الیکشن مہم میں جاتے ہیں اور یہ ذکر ہوتاہے کہ مسلم لیگ ن حکومت بنارہی ہے تو اس سے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حوصلے پست ہورہے ہیں، یہ ہمارے لئے اچھا ہے، انتخابی مہم چلانا پیپلزپارٹی کا حق ہے، حقائق کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، مسلم لیگ ن الیکشن لڑے گی، امید رکھتے ہیں الیکشن میں کامیاب ہوں گے، ہمارا بس چلا تو نوازشریف بھی ہوں گے ان کو بے شک لاہور سے شمار کرلیں یا جاتی امراء سے شمار کرلیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن سہولتکاری سے نہیں فری اینڈ فیئر الیکشن سے حکومت بنائے گی، ن لیگ کی کہیں سے سہولتکاری نہیں ہورہی، کیا ہر الیکشن میں مسلم لیگ ن کے لئے مشکل حالات ہی ہونے چاہئیں؟ کیا ن لیگ کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملنی چاہیے؟ جھوٹے مقدمات میں پابند سلاسل ہی رکھا جانا چاہیئے؟اگر اس بار ایسا نہیں ہے تو کہتے ہیں یہ سہولتکاری ہے۔

مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے پانچ سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ (ن) لیگ نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر ،فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نوازکا بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ، شیخ فیاض الدین، عطااللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمی بخاری بھی شریک تھے۔