جمعیت علمائے اسلام (ف)نے ضلع کی 2 قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا

بدھ 15 نومبر 2023 22:56

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2023ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ضلع مانسہرہ کی2 قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے،این اے 14 مانسہرہ 1 سے مولانا سید عبدالقادر شاہ اور این اے 15 مانسہرہ 2 تناول سے مفتی ناصر محمود خان امیدوار ہوں گے، صوبائی اسمبلی نشستوں کے ٹکٹوں پر آئندہ ہفتے مشاورتی اجلاس میں فیصلے متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار بدھ کو جمعیت علمائے اسلام (ف) ضلع مانسہرہ کے ترجمان ملک نوید احمد اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عزیز احمد خان نے پریس کلب مانسہرہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مرکزی مجلس شوریٰ جے یو آئی کے مشترکہ مشاورتی فیصلے کے پیش نظر آمدہ جنرل الیکشن میں جے یو آئی این اے 14 مانسہرہ 1 سے مولانا سید شاہ عبدالقادر جبکہ این اے 15 مانسہرہ 2 تناول سے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی ناصر محمود خان امیدوار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی نشستوں پر آئندہ ہفتے مرکزی و صوبائی شوریٰ کی مشاورت سے امیدواروں کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔