پاکستان میں پہاڑوں کا 10روزہ 13 واں میلہ 2 دسمبر سے شروع ہو گا

ہفتہ 18 نومبر 2023 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2023ء) پاکستان میں10 روزہ 13ویں مائونٹین فیسٹیول کا آغاز2 دسمبر کو مارگلہ کی پہاڑیوں کے ٹریل 3 پر ہائیکنگ، صفائی ستھرائی اور حیاتیاتی تنوع کے مذاکرے کے ساتھ بین الاقوامی مائونٹین ڈے کے موقع پر کیا جائے گا۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق 4 دسمبر کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں ''مانٹین ایکو سسٹم''کے موضوع پر براہ راست پینٹنگ کا مقابلہ ہوگا۔

دیگر تقریبات میں پینٹنگز کی نمائش، پاکستان مائونٹین یوتھ فورم، دستاویزی فلموں مصنوعات اور ثقافتی مصنوعات کی نمائش شامل ہیں۔ ڈیو کام پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر منیر احمد جو پاکستان مائونٹین فیسٹیول کے بانی بھی ہیں، نے تقریبات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ فیسٹیول کا اختتام ایک عظیم الشان تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں پہاڑوں کے تحفظ، پائیدار سیاحت اور بدلتے ہوئے موسم میں ثقافتی ورثے پر کانفرنس شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس عظیم الشان تقریب کے دیگر سرگرمیوں میں پرکشش مقامات میں پہاڑی کھانوں کے سٹالز، دستکاری، لوک داستانیں اور گلگت، بلتستان، ہنزہ، چترال اور سوات کے طائفے کی ثقافتی اور موسیقی کی پرفارمنسز شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس بہترین پیشہ ور افراد کو چوتھے پاکستان مائونٹینز پرائیڈ ایوارڈز (پی اے ایم پی اے) سے نوازا جائے گا جبکہ دیگر کو فرینڈز آف مائونٹینز ایوارڈز (ایف او ایم اے) دیا جائے گا۔

نیشنل رورل سپورٹ پروگرام( این آر ایس پی) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے ایوارڈز کی شاندار تقریب میں تعاون کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ پاکستان مائونٹینز پرائیڈ ایوارڈز (پی اے ایم پی اے) ان شعبوں میں پانچ لیجنڈز کے لیے وقف ہیں اور ان بہترین پیشہ ور افراد کو دیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں پہاڑوں اور اس کے مقامی لوگوں کے لیے وقف کر دی ہیں۔

پاکستان مائونٹینز پرائیڈ ایوارڈز میں ایک آگسٹینو دا پولینزا مائونٹین کنزرویشن ایوارڈ، چار شعیب سلطان خان مائونٹین کمیونٹی ڈویلپمنٹ ایوارڈ، دو نذیر صابر مائونٹینیئرنگ ایوارڈ، ایک اشرف امان سسٹین ایبل مائونٹین ٹورازم ایوارڈ، دو استاد جان علی مائونٹین میوزک ایوارڈز شامل ہیں۔ پی پی اے ایف نے پچھلے سال چار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے ایوارڈز کا آغاز کیا ہے۔

منیر احمد نے کہا کہ اس سال کے بعد ہم راجہ چنگیز سلطان ہمالین اوڈیسی ایوارڈ شامل کر رہے ہیں جو گزشتہ برسوں سے پہاڑوں کو شوق سے پینٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان مائونٹین فیسٹیول (پی ایم ایف) اور پاکستان مائونٹینز پرائیڈ ایوارڈز کے مقاصد کے بارے میں بات کرتے ہوئے منیر احمد نے کہاکہ عام طور پر، ہم زندگی، معاش پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بتدریج اثرات اور ماحولیاتی نظام اور قدرتی وسائل پر دبائو کے طور پر نہیں دیکھتے، جب تک کوئی بڑی تباہی نہ ہو تب تک پہاڑوں اور اس کے لوگوں کو توجہ حاصل نہیں ہوتی ۔

دوسری طرف پہاڑی منظر اور ثقافت بھی بدل رہی ہے جبکہ لوک داستان اور ورثے بھی نظر انداز ہو رہے ہیں۔ پہاڑوں کو نیچے کی طرف مستقل طور پر مرکزی دھارے میں لانے کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے جہاں حقیقی فیصلہ ساز بیٹھے ہیں۔ نیچے دھارے میں رہنے والے لوگ پہاڑی باشندوں کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ لہذا، انہیں پہاڑی مسائل، اور پہاڑی ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے بارے میں مسلسل یاد دلایا جاتا رہے گا۔

ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے دور میں رہ رہے ہیں، جس کی بظاہر سائنس نے حمایت کی ہے، یہاں تک کہ وہ قومیں اور صنعت کے شعبے جو انکار کرتے تھے، اب تسلیم کر چکے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی بہت تیزی سے ہو رہی ہے۔پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور پاکستان میں، پہاڑ اور اس میں بسنے والی خواتین سب سے زیادہ نظر انداز ہیں ۔