محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کے حصول کے لئے جدید پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کر دیا،ڈائریکٹر زراعت

پیر 20 نومبر 2023 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2023ء) پرنسپل ایگریکلچر آفیسر و ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کہا کہ محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے جدید پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے جبکہ اس ضمن میں کھادوں سمیت دیگر زرعی لوازمات کی بروقت دستیابی پر بھر پور توجہ مرکوزکر دی گئی ہے اور پنجاب بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ آفیسرز ایگری کلچر و زراعت افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام متعلقہ زرعی لوازمات کی کاشتکاروں کو بروقت فراہمی یقینی بنائیں جبکہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیاکے ذریعے کاشتکاروں کو تمام ممکن رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ رواں سال کیلئے گندم کی کاشت کاہدف مکمل کرکے مقررہ پیداواری ہدف حاصل کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پاکستان کے بہترین قدرتی ماحول، شاندار آب و ہوا اور ذرخیز زمینوں کی بدولت گندم کی پیداوار میں اضافہ کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ہمارے پاس گند م کی ایسی اقسام موجود ہیں جو زیادہ پیداواری صلاحیت کے علاوہ ناموافق موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہتر منصوبہ بندی اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کرکے گندم کی فی ایکڑ شاندار پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس سال مون سون کے آخر میں پنجاب سمیت ملک بھر میں اچھی بارشیں ہوئیں جن کے گندم کی رواں فصل پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔