ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی کالے شیشوں اور غیر نمونہ/فینسی نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف کارروائی ،188 گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل

پیر 20 نومبر 2023 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2023ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نے گزشتہ 15روز کے دوران کالے شیشوں اور غیر نمونہ/فینسی نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 188 گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی۔ پیر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا کالے شیشوں اور غیر نمونہ/فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت ایکشن اور کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ 15روز میں 5 نومبر سے لے کر 20 نومبر تک 723 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔انہوں نے 317رنگ برنگے شیشے اور 218فینسی نمبر پلیٹس اتار دیں جبکہ 188گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔اسسٹنٹ کمشنرز نے اے ای ٹی اوز ، ٹریفک پولیس کے ہمراہ گاڑیوں کو چیک کیا، جن میں رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس کی وجہ سے گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی اور ان گاڑیوں کی رجسٹریشن اب رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس کو اترانے کے بعد بحال کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ گاڑیوں سے فی الفور رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس اتار دیں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال کریں تاکہ کارروائی سے بچا جاسکے۔واضح رہے کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا مشترکہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :