سابقہ حکمرانوں سے ملک کی عوام عاجزآچکی ہے الیکشن میں کامیابی بہت مشکل ہے، محمد ثروت اعجازقادری

جمعرات 23 نومبر 2023 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2023ء) پاکستان سنی تحریک صدر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح جنرل الیکشن سے قبل پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے الزام تراشیاں کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ سابقہ حکمرانوں سے ملک کی عوام عاجز آ چکی ہے الیکشن میں کامیابی بہت مشکل ہے۔

ایک بار پھر سیاسی جماعتیں عوام کو سبز باغ دکھا رہی ہیں۔اس بار جنرل الیکشن کے نتائج بہت مختلف نظر آرہے ہیں۔عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے زبانی جمع خرچ سے کام لیا جا رہا ہے۔سیاسی اختلافات ملک کی موجودہ صورتحال مزید خراب کر سکتے ہیں۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاست نہیں عوام کی خدمت کرنے کا وقت ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے اپنی اپنی پالیسیاں عوام پر واضح کریں۔

مہنگائی بے روزگاری یوٹیلٹی بلوں میں اضافہ عوامی دیرینہ مسائل ہیں۔ان تمام مسائل سے ملک کی عوام کو نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔مہنگائی کا سونامی ہر چیز بہا کر لے گیا ہے۔اب حالات یہ ہیں کہ ملک غربت کی لکیر سے بھی نیچے آ چکا ہے۔ملک میں موجودہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔تین وقت کی جگہ دو وقت کا کھانا بھی اب مشکل ہو چکا ہے۔

سب کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ملک میں بے روزگاری کا دور دورہ ہے۔نوجوانوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ منفی سوچ رکھتے ہیں۔بجلی اور گیس میسرنہ ہونے کی وجہ سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔انڈسٹریز پریشان ہیں۔گھریلو حالات سے پریشان حال خود کشیاں کر رہے ہیں۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات نے عدم تحفظ کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

بیرونی ممالک بھی اس وقت سرمایہ کاری ملک میں کریں گے جب انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔جنرل الیکشن میں وہی کامیاب ہوگا جو عوام کو ریلیف فراہم کرسکتاہے۔میں ایسا نظام آنا چاہیے جس میں عدل ہو تعلیم ہو امن و امان ہو۔ٹیکس کی وصولی کا منصفانہ نظام ہو۔اگر ایسا کیا گیا تو ملک کو بحران سے نکالنا مشکل نہیں ہے۔مگر نیک نیتی کا ہونا بہت ضروری ہے۔#